ٹھٹھہ(یواین پی)انسداد کرپشن کے عالمی دن کے موقع پر ضلعی انتظامیہ ٹھٹھہ کی جانب سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو فراز احمد عباسی اور سرکل افسر اینٹی کرپشن ملک نظیر احمد کی قیادت میں عوام میں کرپشن کے خلاف شعور اور آگاہی بیدار کرنے کے لیے ڈپٹی کمشنر آفس سے مکلی پریس کلب تک ایک شاندار ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو فراز احمد عباسی، سرکل افسر اینٹی کرپشن ملک نظیر احمد، ایڈیشنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خدا بخش بہرانی، ڈی ای او سیکنڈری حضور بخش خاصخیلی و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد کرپشن اور بدعنوانی کے نقصانات کے بارے میں عوام میں آگاہی اور شعور اجاگر کرنا ہے، کرپشن ایک ناسور کی مانند ہے جس کی جڑیں اکھاڑنے کیلئے ہر فرد کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ آنے والی نسلوں کو کرپشن سے پاک معاشرہ مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا راز بھی کرپشن سے پاک معاشرے میں ہے، کرپشن ایک سماجی ظلم ہے جس کی سزا دنیا اور آخرت دونوں میں ہے، کرپشن ہمارے اداروں اور ملک کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، جس کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ترقی یافتہ ممالک کی ترقی کا راز بھی کرپشن سے پاک ہے۔ ریلی میں ریونیو، تعلیم، اطلاعات، سوشل ویلفیئر اور دیگر محکموں کے افسران و عملہ، صحافی، اساتذہ، طلبا سمیت مختلف سماجی تنظیموں کے نمائندوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔