ملوث افراد کو شناخت کرکے سخت سزائیں دی جائیں، وزیرداخلہ محسن نقوی کو ہدایت
اسلام آباد (یو این پی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یونان میں جزیرے کے قریب پاکستانیوں کے جان بحق ہونے پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی کو ہدایت کی ہے کہ ایسے افراد کی شناخت کرکےانہیں سخت سزائیں دی جائیں تاکہ ایسا قبیح فعل دوبارہ نہ ہو۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے وزیر داخلہ کو تمام ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انسانی سمگلنگ ایک اندوہناک جرم ہے جس کی وجہ سے کئی افراد کی جانیں جاتی ہیں اور ہر سال کئی گھر اجڑ جاتے ہیں، انسانی سمگلر ایک ایسا ظالم مافیہ ہے جو کہ غریب عوام کوجھوٹے اور سنہری خواب دکھا کر ان سے پیسے بٹورتا ہے۔وزیر اعظم نے وزیرداخلہ محسن نقوی کو واقعے کی انکوائری کی رپورٹ جلد ازجلد پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے افراد کی شناخت کی جائے اور ان کو سخت سزائیں دی جائیں تاکہ وہ ایسے قبیح فعل کو نہ دہرائیں، ایسے واقعات کے مستقبل میں تدارک کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔بتایا جارہا ہے کہ یونان کے جنوبی جزیرے کے قریب کشتی الٹنے سے 5 تارکین وطن ڈوب گئے جب کہ زندہ بچ جانے والے 39 افراد میں زیادہ تر پاکستانی ہیں، اس حوالے سے یونان کے کوسٹ گارڈ نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن جاری ہے اور تاحال متعدد لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے، حادثے میں 39 افراد کو ریسکیو کرلیا گیا اور ان میں زیادہ تر کا تعلق پاکستان سے ہے، ان کو اس علاقے میں کارگو جہازوں کے ذریعے بچایا گیا ۔کوسٹ گارڈ نے کہا کہ انہیں کریٹ کے جزیرے پر منتقل کر دیا گیا ہے، لاپتا ہونے والوں کی تعداد کی ابھی تک تصدیق نہیں ہو سکی ، ہفتے کے روز الگ الگ واقعات میں مالٹا کے ایک کارگو جہاز نے گاوڈوس نے ایک کشتی سے 47 اور ایک ٹینکر نے یونان کے جنوب میں واقع چھوٹے سے جزیرے سے تقریباً 28 سمندری میل دور 88 تارکین وطن کو بچایا۔