بحرانوں کے لیے میڈیا اور حکومتی اداروں کے درمیان تعاون کو فروغ دیا جائے مبشرنقوی

Published on December 16, 2024 by    ·(TOTAL VIEWS 21)      No Comments

صحافیوں کو کروناوائرس کی وباء کے دوران درپیش آنے والے غیرمعمولی چیلنجز پر روشنی ڈالتا ہے تحقیقی مقالہ
مظفرآباد(یو این پی) کروناوائرس کی وباء کے مشکل ترین دور میں صحافت کے کردار کو موثر انداز میں اجاگر کرتے ہوئے جامعہ کشمیر کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ مبشرنقوی نے اپنے ڈاکٹریٹ کے تحقیقی مقالے ”پاکستان میں وبائی امراض کے دوران صحافیوں کی کارکردگی دکھانے کی صلاحیتوں پر کروناوائرس کے اثرات اور ان کی جوابی حکمت عملیوں کا جائزہ“کاکامیابی سے دفاع کرلیا۔یہ تحقیقی مقالہ پاکستان، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے صحافیوں کو کروناوائرس کی وباء کے دوران درپیش آنے والے غیرمعمولی چیلنجز پر روشنی ڈالتا ہے۔ 382 صحافیوں پر مشتمل ملک گیر سروے اور فوکس گروپ مباحثوں پر مبنی اس تحقیق میں انکشاف ہوا کہ صحافیوں نے کرونا کی وباء کے دوران ناکافی وسائل، سیکورٹی خدشات اور قانونی تحفظات کی کمی جیسے چیلنجز کے باوجود عوام کو بروقت اور درست معلومات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ ڈاکٹر مبشر نقوی کی تحقیق نے اس امر کی نشاندہی بھی کی کہ صحافیوں نے ڈیجیٹل ٹولز اورصحت کے عالمی بحران کے دوران رپورٹنگ میں مہارت حاصل کرنے کے لیے اپنی صلاحیتیں بڑھانے کی ضرورت پر زور دیااورواضح کیا کہ انہیں ذہنی صحت کے مسائل کے ساتھ ساتھ میڈیا اور حکومتی اداروں کے درمیان موثر تعاون کے فریم ورک کی کمی جیسے مسائل کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ تحقیق میں تجویز دی گئی ہے کہ مستقبل کے بحرانوں کے لیے میڈیا اور حکومتی اداروں کے درمیان تعاون کو فروغ دیا جائے اور صحافیوں کی حفاظت اور فلاح و بہبود کے لیے مضبوط سپورٹ سسٹم بنایا جائے۔ یہ تحقیقی مقالہ معروف ماہر تعلیم اسسٹنٹ پروفیسر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آبادڈاکٹر بابر حسین شاہ کی زیر نگرانی مکمل ہوا، جسے جدت اور اطلاق کے اعتبار سے بے حد سراہاگیا۔ اس مقالے سے اخذ کیا گیا ریسرچ پیپرپہلے ہی ایک معروف عالمی تحقیقی جریدے میں شائع ہو چکا ہے، جو اس تحقیق کی علمی اہمیت کو مزید تقویت دیتا ہے۔ مقالے کی دفاعی تقریب میں نمایاں ماہرین تعلیم نے شرکت کی، جن میں پروفیسر ڈاکٹر عبدالعزیز ساحرڈین، فیکلٹی آف سوشل سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر ثاقب ریاض چیئرمین، شعبہ ماس کمیونیکیشن و ڈائریکٹر آئی سی ٹی، پروفیسر ڈاکٹر سید عامر شاہ ڈائریکٹر، بورڈ آف ایڈوانسڈ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ،بیرونی ممتحن پروفیسر ڈاکٹر زاہد یوسف ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز یونیورسٹی آف گجرات، پروفیسر ڈاکٹر سید مدثر حسین شاہ چیئرمین، شعبہ میڈیا اسٹڈیز، یونیورسٹی آف سرگودھا، فیکلٹی ممبران ڈاکٹر شاہد حسین ڈاکٹر اسد منیر اور دیگر سکالرز نے اس تحقیق کو اس کی عملی اہمیت اور علمی شراکت کے لیے سراہا۔ڈاکٹر مبشر نقوی اس وقت جامعہ کشمیر میں آفیسرتعلقات عامہ تعینات ہیں اور ان کے پاس صحافت، تدریس اور اسٹریٹجک کمیونیکیشن میں 15 سال سے زائد کا وسیع تجربہ ہے۔ ان کی تحریریں ڈان، فرائیڈے ٹائمز،،فنانشل ڈیلی،دی نیوزجیسے معروف جریدوں میں شائع ہوتی رہتی ہیں۔ڈاکٹر مبشرنقوی یونیورسٹی آف اوکلاہوما کے گیلورڈ کالج آف جرنلزم اینڈ ماس کمیونیکیشن اور ہانگ کانگ بیپٹسٹ یونیورسٹی میں فیلوشپس سمیت کئی اعزازات حاصل کرچکے ہیں۔سال 2021 میں، انہیں گورننس پر ان کی تحقیقاتی صحافت کے لیے قومی آگاہی ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے، ڈاکٹر مبشر نقوی نے چیئرمین شعبہ ابلاغ عامہ پروفیسر ڈاکٹر ثاقب ریاض،نگران ڈاکٹر بابر حسین شاہ، فیکلٹی ممبران اور اہل خانہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے صحافیوں کو درپیش مسائل، خاص طور پر بحران کے دوران خصوصی معاونت کی اہمیت پر زور دیا تاکہ میڈیا جمہوریت کے ستون کے طور پر اپنا کردار ادا کرتا رہے۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

Premium WordPress Themes