جنوبی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر حملہ، 8 دہشت گرد ہلاک، 16 جوان شہید

Published on December 22, 2024 by    ·(TOTAL VIEWS 11)      No Comments

خوارج کے گروپ نے مکین کے علاقے میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کرنے کی کوشش کی، خوارج کی اس کوشش کو سکیورٹی فورسز کے دستوں نے مؤثر طریقے سے ناکام بنا دیا؛ ائی ایس پی آر
راولپنڈی (یو این پی) جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے چیک پوسٹ پر خوارج کا حملہ ناکام بناکر 8 خوارج کو ہلاک کردیا، آپریشن کے دوران 16 بہادر سپوت وطن پر قربان ہوگئے۔ مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 20 اور 21 دسمبر 2024ء کی درمیانی رات خوارج کے ایک گروپ نے جنوبی وزیرستان کے ضلع مکین کے علاقے میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کرنے کی کوشش کی، خوارج کی اس کوشش کو سکیورٹی فورسز کے دستوں نے مؤثر طریقے سے ناکام بنا دیا اور فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 8 خوارج مارے گئے، تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 16 بہادر بیٹوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔آرمی ترجمان نے بتایا کہ شہید ہونے والے 30 سالہ لانس نائیک لیاقت علی شہید کا تعلق ضلع کرم سے ہے، لانس نائیک لیاقت علی شہید نے 11 سال پاک فوج میں رہتے ہوئے دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دیا،31 سالہ لانس نائیک محمد اسحاق شہید ضلع کرک کے رہائشی ہیں، لانس نائیک محمد اسحاق شہید نے 9 سال پاک فوج میں ذمہ داریاں نبھائیں، 38 سالہ حوالدار ایوب خان شہید کا تعلق ضلع اٹک سے ہے، حوالدار ایوب خان شہید نے اپنی زندگی کے 15 سال پاک فوج کو دیئے، 26 سالہ سپاہی جنید شہید کا تعلق ضلع شانگلہ سے ہے،سپاہی جنید شہید نے پاک فوج میں 4 سال تک دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دیا،سپاہی جنید شہید نے سوگواران میں والدین اور اہلیہ چھوڑے۔بتایا گیا ہے کہ 40 سالہ حوالدار عمر حیات شہید کا تعلق ضلع کوہاٹ سے ہے، حوالدار عمر حیات شہید نے 17 سال تک پاک فوج میں رہتے ہوئے دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دیا، 26 سالہ سپاہی محبوب رحمان شہید کا تعلق ضلع ٹانک سے ہے، سپاہی محبوب رحمان شہید نے اپنی زندگی کے 8 سال پاک فوج کو دیئے اور وطن کا دفاع کیا، 37 سالہ حوالدار محمد حیات شہید بنوں کے رہائشی ہیں، حوالدار محمد حیات شہید نے 17 سال پاک فوج میں ذمہ داریاں نبھائیں، 23 سال سپاہی طیب علی شہید کا تعلق ضلع ہری پور سے ہے،سپاہی طیب علی شہید کوپاک فوج میں بھرتی ہوئے صرف ایک سال کا عرصہ ہوا تھا،سپاہی طیب علی شہید نے سوگواران میں والدین چھوڑے۔معلوم ہوا ہے کہ 26 سالہ لانس نائیک شیر محمد شہید کا تعلق ضلع مالاکنڈ سے ہے، لانس نائیک شیر محمد شہید نے اپنی زندگی کے 7 سال پاک فوج کو دیئے، 22 سالہ سپاہی احسان الحق شہید کا تعلق ضلع لوئر دیر سے ہے، سپاہی احسان الحق شہید نے 4 سال پاک فوج میں رہتے ہوئے وطن کا دفاع کیا، 25 سالہ سپاہی جنید شہید کا تعلق ضلع خیبر سے ہے، سپاہی جنید شہید نے اپنی زندگی کے 3 سال پاک فوج کو دیئے، 22 سالہ سپاہی فیض محمد شہید کا تعلق ضلع مانسہرہ سے ہے،سپاہی فیض محمد شہید نے اپنی زندگی کے 4 سال پاک فوج کو دیئے۔بتایا جارہا ہے کہ 29 سالہ لانس نائیک حامد علی شہید کا تعلق ضلع صوابی سے ہے، سپاہی حامد علی شہید نے اپنی زندگی کے 8 سال پاک فوج کو دیئے، 26 سالہ سپاہی کلیم اللہ شہید ضلع لکی مروت کے رہائشی ہیں، سپاہی کلیم اللہ شہید نے 3 سال تک پاک فوج میں رہتے ہوئے خدمات سرانجام دیے، 41 سالہ حوالدار طاہر محمود شہید کا تعلق ضلع کوہاٹ سے ہے، حوالدار طاہر محمود شہید نے 18 سال پاک فوج میں رہتے ہوئے وطن کا دفاع کیا، 29 سالہ لانس نائیک مصور شاہین شہید ضلع کوہاٹ کے رہائشی ہیں ،لانس نائیک مصور شاہین شہید نے 7 سال تک پاک فوج میں خدمات سرانجام دیں۔آئی ایس پی ار کا کہنا ہے کہ علاقے میں سینیٹائزیشن کا آپریشن جاری ہے، اس گھناؤنے فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

WordPress主题