فیصل آباد (یو این پی)ٹوورازم،آرکیالوجی اینڈ میوزیم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی ایڈیشنل سیکرٹری صدف ظفر نے کہا ہے کہ سیاحت کے فروغ کیلئے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹریز اور پی ٹی ڈی سی میں تعاون کوبڑھایا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے فیصل آباد چیمبر کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ سے ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے کئی شہر دوسرے مذاہب کے ماننے والوں کیلئے انتہائی متبرک اور مقدس ہیں جن کے پوٹینشل سے پوری طرح فائدہ نہیں اٹھایا جا رہا۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کے تاریخی مقامات کی سیر کیلئے دو بسیں مہیا کر دی گئی ہیں جن کے ذریعے مقامی، ملکی اور غیر ملکی سیاح اس شہر کو زیادہ بہتر طور پرسمجھ سکیں گے۔ ا ن کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سیاحت کے فروغ کیلئے ایک ہزار طلبہ کوانٹرن شپ دینے کا اعلان کیا ہے۔صدف ظفر کا خیر مقدم کرتے ہوئے صدر چیمبر ریحان نسیم بھراڑہ نے کہا کہ پاکستان میں بالعموم اور پنجاب میں بالخصوص بے شمار تفریحی اور سیاحتی مقامات موجود ہیں مگر ہم ان سے فائدہ نہیں اٹھارہے۔انہوں نے مری میں سفاری ٹرین اور تفریحی بسیں چلانے کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ پٹریاٹہ کی چیئر لفٹ کو جدید بنانے اور وہاں زیادہ سہولتیں مہیا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی ڈی سی سے میٹنگ کر کے باہمی تعاون کو بڑھانے کیلئے اقدامات اٹھائے جا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں تاریخی اور تفریحی مقامات کی مؤثر تشہیر او رمارکیٹنگ کیلئے نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کرنا ہو گی۔انہوں نے لاہور کے قلعے کا خاص طور پر ذکر کیا اور کہا کہ چنیوٹ کے نزدیک دریائے چناب پر پی ٹی ڈی سی کاریزارٹ تھا جس کی حالت انتہائی مخدوش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسلا کا میوزیم عالمی شہر ت رکھتا ہے تاہم ہمیں مختلف شہروں کی تاریخی اور تفریحی مقامات کی نشاندہی کر کے اُن کے بارے میں کتابچے شائع کرنے چاہئیں۔ آخر میں سابق سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد ارشد نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے محترمہ صدف ظفر کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی اعزازی شیلڈ پیش کی۔ اِس موقع پر طارق چوہدری، ایم شاہد اور محمد جمیل کسانہ بھی موجود تھے۔