فیصل آباد (یو این پی)فیصل آباد شہر اور گردونواح میں شدید سردی کی وجہ سے مویشیوں میں نمونیا کا مرض پھیلنے کا خدشہ، مویشی کمزور ہونے لگے۔ دودھ میں اچانک کمی واقع ہو گئی، شدید سردی اور دھند کی وجہ سے مویشی نمونیا کے مرض کا شکار ہونے لگے جس کی وجہ سے جانوروں کی صحت بھی کمزور ہو رہی ہے اور دودھ دینے کی صلاحیت قدرے کم ہو چکی ہے۔اس سلسلہ میں وٹنری ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اگر شدید سردی اور نمونیا سے بچانے کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کر لی جائیں تو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔انہوں نے بتایا ہے کہ دسمبر اور جنوری کے سرد مہینوں میں بڑے مویشیوں کو روزانہ ایک کلو گڑ، شپڑا پارے دیئے جائیں تو ان پر نمونیا کا حملہ نہیں ہو سکتا اور نہ ہی دودھ میں کمی واقع ہوتی ہے۔اس کے علاوہ مویشیوں کے باڑو ں کے آگے پردے یا ترپال لگا کے ہوا کو روکا جائے اور مویشیوں کے نیچے پرالی استعمال شدہ سبز چارہ یا توڑی ڈالی جانی چاہیے تا کہ ان کو نیچے سے ٹھنڈک نہ لگے۔انہوں نے بتایا کہ گل گھوٹو کے مرض کے حملے سے مویشیوں کو بچانے کے لئے دسمبر کے آخر تک ہر حال میں مویشیوں کو موسمی حالات سے بچانے کے لئے حکمت عملی مرتب کر لینی چاہیے۔