انگلینڈ، بنگلادیش، آسٹریلیا اور زمبابوے کھلاڑیوں نے باضابطہ طور پر ڈرافٹس میں اپنے نام درج کروالیے
کراچی(یو این پی)انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کی جانب سے کھلاڑیوں پر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سمیت دیگر لیگز میں شرکت پر پابندی کے باوجود کھلاڑیوں نے اپنے بورڈ کے احکامات ہوا میں اُڑا دیے۔انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے ڈومیسٹک سیزن کے باعث اپنے کھلاڑیوں کو پاکستان سپر لیگ سمیت دیگر فرنچائز لیگ میں شرکت پر پابندی عائد کی تھی تاہم کرکٹرز نے اپنے بورڈ کی پابندی کو پاؤں تلے روند ڈالا ہے۔گزشتہ دنوں انگلینڈ کے فاسٹ بولر ڈیوڈ ولی، جارح مزاج اوپنر جیسن رائے کے بعد ڈیوڈ ملان اور سیم کرن نے بھی پی ایس ایل کیلئے غیرملکی ڈرافٹس باضابطہ طور پر اپنا نام درج کروایا ہے۔اب اس فہرست میں ایک اور پلئیر کا بھی اضافہ ہوا ہے ٹام کوہلر-کیڈمور نے بھی پی ایس ایل10 کیلئے اپنا نام درج کروادیا ہے۔انکے علاوہ دیگر ممالک کے سرکردہ کھلاڑیوں میں نیوزی لیںڈ کے ڈیرل مچل، جنوبی افریقی بیٹر رائلی روسو، زمبابوے کے کپتان سکندر رضا، آسٹریلوی وکٹ کیپر ایلکس کیری، بنگلادیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان اور آل راؤنڈر شکیب الحسن شامل ہیں۔پی سی بی اس سے قبل غیر ملکی پلئیرز ڈرافٹس میں شامل کرکٹرز میں انگلینڈ کے ڈیوڈ ولی اور آسٹریلیا کے عثمان خواجہ کے نام کی تصدیق بھی کرچکا ہےخیال رہے کہ پی ایس ایل کے 10ویں ایڈیشن کیلئے پلیئرز کا ڈرافٹ 11 جنوری کو گوادر میں ہوگا۔