میں نہیں سمجھتا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی نیوز کانفرنس کا مذاکرات پر کوئی اثر پڑےگا

Published on December 28, 2024 by    ·(TOTAL VIEWS 15)      No Comments

بیرون ملک عادل راجہ جیسے غدارپی ٹی آئی کی ہمدردی کا ناجائزفائدہ اٹھاتے ہیں، ان کے بیانات کی قیمت پی ٹی آئی اور قیادت کو چکانی پڑتی ہے، ہماری کوشش کہ اداروں کو سیاست کی نظر سے نہ دیکھا جائے، شیر افضل مروت
اسلام آباد(یو این پی) پی ٹی آئی کے رہنماء شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ میں نہیں سمجھتا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی نیوز کانفرنس کا مذاکرات پر کوئی اثر پڑے گا،بیرون ملک عادل راجہ جیسے غدارپی ٹی آئی کی ہمدردی کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہیں،ان کے بیانات کی قیمت پی ٹی آئی اور قیادت کو چکانی پڑتی ہے، ہماری کوشش ہے کہ اداروں کو سیاست کی نظر سے نہ دیکھا جائے۔انہوں نے اے جیونیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس ایک ردعمل نظر آرہا ہے جو بیرون ملک سے سوشل میڈیا پر 26 نومبر کے حوالے سے مہم چل رہی ہے،ہمیں سیاسی دہشتگرد قرار دیا جارہا ہے، اب سیاسی دہشتگردی کیا ہوتی ہے؟ بہت ساری باتیں ایسی تھیں جو نہیں کہنی چاہئیں تھیں، کیونکہ ماحول بہت سازگار ہوچکا ہے۔26نومبر کو تو ہمیں مارا گیا ہے، اس پر بھی ہمیں سیاسی دہشتگرد کہا جارہا ہے، البتہ بیرون ملک بہت سارے عوامل سوشل میڈیا پر مہم کی شکل میں آئے، بہت سارے لوگوں کے ساتھ ہم نے لاتعلقی کی۔ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ فوج کے ادارے کو سیاست کی نظر سے نہ دیکھا جائے، شہدا ء کے خاندانوں سے اظہار محبت کیا جائے۔لیکن جب بھی پریس کانفرنس ہوتی ہے تو ڈی جی آئی ایس پی آر ہمارے درجات بلند کرتے رہتے ہیں، اس کا نقصان زیادہ ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی نیوز کانفرنس سے مذاکرات پر کوئی اثر پڑے گا۔بیرون ملک عادل راجہ جیسے غدارپی ٹی آئی کی ہمدردی کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہیں، عمران خان بھی ان سے اظہار لاتعلقی کرچکے ہیں، ان کے بیانات کی قیمت پی ٹی آئی اور قیادت کو چکانی پڑتی ہے۔اسی طرح سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے جیونیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کا بڑی سیاسی جماعت سے متعلق گفتگو کرنا غیرمناسب ہے، بڑی سیاسی جماعت کو انتشاری ٹولہ کہنا بالکل نامناسب بات ہے۔26 نومبر کا احتجاج ہمارا آئینی حق تھا، اس آئینی حق سے روکنا نامناسب تھا، آرٹیکل 245 کیوں لگایا گیا؟ راستے کیوں بند کئے گئے۔ہمارے پاس کوئی اسلحہ نہیں تھا، ہم 9مئی اور 26 نومبر دونوں واقعات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز مانگ رہے ہیں۔تصورات اور تاثرات جب پہلے ہی بنا لئے جائیں تو پھر انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوتے۔پی ٹی آئی کا مطالبہ ہے کہ سویلین کا ملٹری ٹرائل نہیں ہونا چاہئے۔ ملٹری کورٹ میں سویلین کے ٹرائل کے حوالے سے دنیا کہتی ہے کہ عالمی معاہدوں کی پابندی ہونی چاہئے۔ ریاست کی جانب سے غلط رویہ اپنا کر شہریوں کو دہشتگرد بنا کر پیش کیا جا رہا ہے، فوجی عدالتوں میں سزاؤں کیخلاف اپیل میں جائیں گے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Free WordPress Themes