ملک ڈیفالٹ سے استحکام کی طرف آیا اور اب استحکام سے ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے، وزیراعظم آج ہوم گرون اکنامک ایجنڈے کا اعلان کرنے جا رہے ہیں؛ عطاء تارڑ کی میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد ( یواین پی) وفاقی وزیر برائے اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاءاللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ ہوم گرون معاشی اصلاحات کا ایجنڈا اہم اقدام ہے جو پاکستان اور پاکستان کے عوام کی ترقی کے لیے ہے، معاشی اصلاحات کے ایجنڈے میں پاکستان کے عوام کے لئے خوشخبریاں ہوں گی۔ اڑان پاکستان ہوم گرون نیشنل اکنامک پلان 2024/29ء کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الحمد اللہ پاکستان کے تمام معاشی اعشاریے بہتر ہوئے ہیں، ملک ڈیفالٹ سے استحکام کی طرف آیا اور اب استحکام سے ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے، وزیراعظم شہباز شریف آج ہوم گرون اکنامک ایجنڈے کا اعلان کرنے جا رہے ہیں، اڑان پاکستان ہوم گرون نیشنل اکنامک پلان میڈ ان پاکستان معاشی اصلاحات کا ایجنڈا ہے، جس کے تحت معاشی ترقی کا سفر طے کیا جائے گا اور پاکستان کے عوام کو خوشخبریاں ملیں گی۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عوامی مینڈیٹ کے تحت وفاق میں مخلوط حکومت معرض وجود میں آئی، تمام سیاسی جماعتوں نے اپنے اپنے منشور کے تحت الیکشن لڑا، سیاسی جماعتوں نے اپنے منشور کے تحت عوام سے کچھ وعدے کیے تھے، پنجاب میں مسلم لیگ ن، خیبر پختونخواہ میں تحریک انصاف، سندھ اور بلوچستان میں پیپلز پارٹی کو پاکستان کے عوام نے مینڈیٹ دیا، سیاسی جماعتوں نے عوام کو باور کرایا کہ عوام کے مسائل کا حل ہمارے پاس ہے، ہر سیاسی جماعت کے منشور میں عوام پر تمام تر توجہ مرکوز ہوتی ہے، ہم سیاسی لوگ ہیں،افہام و تفہیم پر یقین رکھتے ہیں، اسی لیے ہم چاہتے ہیں کہ معاملات بات چیت سے آگے بڑھیں۔