راولپنڈی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے پارٹی کی مذاکراتی کمیٹی کے 2 اراکین نے ملاقات کی
راولپنڈی(یو این پی)پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے پارٹی کو قیدیوں کی رہائی پر سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت کردی۔راولپنڈی اڈیالہ جیل میں ایک مقدمے کی سماعت کے موقع پر بانی پی ٹی آئی سے پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کے 2 اراکین نے ملاقات کی۔ملاقات کرنے والوں میں بیرسٹر علی ظفر اور سلیمان اکرم راجا شامل تھے، مذاکرات سے قبل حتمی مشاورت مکمل کر لی گئی۔اس دوران بانی پی ٹی آئی نے قیدیوں کی رہائی پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت کی۔سلیمان اکرم راجا نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے مؤقف پر کھڑے ہیں، مذاکرات کی کامیابی کے لیے پرامید ہوں۔عمران خان سے ملاقات کے بعد مذاکراتی کمیٹی کے اراکین اڈیالہ جیل سے روانہ ہو گئے۔یاد رہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کی کمیٹیوں کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور آج ہوگا، اس سے قبل 23 دسمبر پہلی ملاقات میں کمیٹیوں نے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا تھا۔حکومتی کمیٹی میں نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار، سینیٹر عرفان صدیقی، رانا ثنااللہ، نوید قمر ، راجا پرویز اشرف، فاروق ستار، اعجاز الحق اور خالد مگسی شامل ہیں جب کہ پی ٹی آئی کی جانب سے قائم کمیٹی میں اسد قیصر، اعجاز چوہدری، حامد رضا اور علامہ راجا ناصر عباس شامل ہیں۔