کارکنوں کی حالیہ ضمانتوں کا تعلق مذاکرات سے نہیں،عمران خان کے باہر آنے سے احتجاج کی طاقت 10گنا بڑھ جائے گی، حکومت کچھ ضمانتیں چاہتی ہے، مذاکراتی کمیٹی محتاط ہے۔ رہنماء پی ٹی آئی شیر افضل مروت
اسلام آباد (یو این پی) رہنماء پی ٹی آئی شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور کارکنوں کی رہائی کا وقت قریب ہے، 26نومبر کے کیسز میں کارکنوں کی ضمانتوں کا تعلق مذاکرات سے نہیں،عمران خان کے باہر آنے سے احتجاج کی طاقت 10گنا بڑھ جائے گی۔ انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کچھ ضمانتیں چاہتی ہے اور مذاکراتی کمیٹی محتاط ہے، کمیٹی ارکان نے تصدیق کی کہ انفرادی طور پر کوئی یہ ذمہ داری اٹھانے کو تیار نہیں کہ تحریری مطا لبات دیں، ارکان چاہتے ہیں کہ تحریری مطالبات پر پہلے بانی سے مشاورت کی جائے۔26نومبر کے کیسز میں پی ٹی آئی کارکنوں کی حالیہ ضمانتوں کا تعلق مذاکرات سے نہیں ہے۔6جنوری کے فیصلے کو مذاکراتی عمل پر اثرانداز نہیں ہونا چاہیئے، بانی پی ٹی آئی اور کارکنوں کی رہائی کا وقت قریب ہے، پہلے تجویز آئی تھی کہ عمران خان کو نتھیا گلی منتقل کیا جائے گا، نتھیا گلی میں گورنرہاؤس کی صفائی ستھرائی بھی کردی گئی تھی۔نتھیا گلی منتقلی کی تجویز پی ٹی آئی نے مسترد کردی تھی۔اس کے بعد 20دسمبر تک عمران خان کی رہائی کی نوید بھی سنائی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ امریکا میں پی ٹی آئی تنظیم اپنے طور پر اقدامات کرتی ہے، پی ٹی آئی ہر جگہ کوشش کررہی ہے کہ عالمی دباؤ اس حد تک ہو کہ انسانی حقوق کی پامالی رک جائے۔ عمران خان کے باہر آنے سے احتجاج کی طاقت 10گنا بڑھ جائے گی۔مزید برآں سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی اجلا س میں وزیراعظم جب 26 نومبر پر بات کریں گے تو وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ اس کو نامناسب ہی کہیں گے، کیونکہ 26 نومبر کو آرٹیکل 245 لگا کر گولی چلوائی گئی۔13لوگ جو قتل ہوئے ان کی لسٹ رانا ثناء اللہ کو اداروں نے نہیں دی؟ اب لسٹ دے دیں گے، سمجھ نہیں آتی حکومت تحریری مظالبات پر کیوں بضد ہے، اب عمران خان سے مشاورت کے بعد تحریری مطالبات بھی دے دیں گے۔ ہمارے سارے ناحق لوگ قید ہیں، جھوٹے کیسز بنائے گئے ہیں، پولیس مدعی سب کچھ ان کا ہے، اسی لئے ہم جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ کررہے ہیں۔ عمران خان نے بشریٰ بی بی کو جیل میں نہ بھیجنے کی کوئی ڈیمانڈ نہیں رکھی، سوشل میڈیا پر بشریٰ بی بی کے مذاکرات سے دور رہنے سے متعلق فضول خبریں پھیلائی جارہی ہیں۔ 190ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ کچھ بھی ہو ہماری طرف سے مذاکراتی عمل متاثر نہیں ہوگا۔