ڈپٹی کمشنر کرم پر فائرنگ امن معاہدے کو نقصان پہنچانے کی گھناؤنی حرکت ہے، وزیرداخلہ

Published on January 4, 2025 by    ·(TOTAL VIEWS 17)      No Comments

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی لوئر کرم کے علاقے بگن میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت
اسلام آباد ( یو این پی ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے قرار دیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر کرم پر فائرنگ امن معاہدے کو نقصان پہنچانے کی گھناؤنی حرکت ہے۔ اپنے ایک بیان میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے لوئر کرم کے علاقے بگن میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا فائرنگ سے زخمی ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود کی جلد صحتیابی کیلئے دعاگو ہیں، لوئر کرم میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کا واقعہ امن معاہدہ سبوتاژ کرنے کی سازش ہے، شرپسند عناصر نے فائرنگ کرکے امن معاہدے کو نقصان پہنچانے کی گھناؤنی حرکت کی۔اسی حوالے سے خیبرپختونخواہ کے چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر جاوید محسود بگن جا رہے تھے کہ اس دوران راستے میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کی، ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللہ محسود پر فائرنگ کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، دونوں فریقین پُرامن رہیں، کوہاٹ معاہدے پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے، کرم میں امن و امان خراب کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی۔گورنر خیبر پخونخواہ فیصل کریم کنڈی نے کرم میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں ڈپٹی کمشنر کا زخمی ہونا انتظامیہ کی نااہلی ہے، امدادی قافلے پر فائرنگ صوبائی حکومت کی نااہلی اور ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، ڈپٹی کمشنر جاوید محسود کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہوں۔ بتایا جارہا ہے کہ کرم کے علاقے لوئر کرم بگن کے مقام پر ضلعی انتظامیہ کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی جس سے ڈپٹی کمشنر زخمی ہوگئے، فائرنگ کا نشانہ بننے والے ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللہ محسود اور گارڈ کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا، ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ پشاور میں لوئر کرم کے علاقے بگن میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، فائرنگ نامعلوم افراد کی جانب سے کی گئی ہے۔پولیس کا واقعے کے بارے میں کہنا تھا کہ لوئر کرم کے علاقہ بگن میں وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے، بگن میں فائرنگ سے 3 ایف سی اہلکار بھی زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جب کہ تحصیل علی زئی ضلع کرم میں عرفانی کلی کے قریب سرکاری گاڑیوں پر پتھراؤ اور فائرنگ کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔

Readers Comments (0)




Weboy

Free WordPress Theme