غلط استعمال کو روکنے کے لیے سولر پینلز اور انورٹرز کو صارف کے شناختی کارڈ سے منسلک کیا جائے گا، جس سے نگرانی کی سہولت اور چوری کے خطرے کو کم کیا جائے گا
لاہور (یو این پی ) پنجاب حکومت کی جانب سے مفت سولر پینل سکیم کی رجسٹریشن کی آخری تاریخ مقرر کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت نے مفت سولر سکیم کی رجسٹریشن کے لیے 5 جنوری کو آخری دن مقرر کیا ہے، اس سکیم سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مفت سولر پینل حاصل کرنے میں دلچسپی رکھنے والے افراد کیلئے مقررہ تاریخ سے پہلے رجسٹریشن کروانا لازمی ہے، غلط استعمال کو روکنے کے لیے سولر پینلز اور انورٹرز کو صارف کے شناختی کارڈ سے منسلک کیا جائے گا، جس سے نگرانی کی سہولت اور چوری کے خطرے کو کم کیا جائے گا۔بتایا گیا ہے کہ پنجاب حکومت کی مفت سولر پینل سکیم کے لیے اہل ہونے کیلئے شہریوں کا چند شرائط پر پورا اترنا ضروری ہے، جس کے تحت ماہانہ بجلی کا استعمال 200 یونٹس سے نیچے ہونا چاہیئے، میٹر لگواتے وقت منظور شدہ لوڈ 2 کلو واٹ سے زیادہ نہیں ہونا چاہیئے، سکیم سے فائدہ اٹھانے کے خواہشمند افراد کی اہلیت کا تعین جون 2024ء کے بجلی کے بلوں کی جانچ سے کیا جائے گا، تاہم ایسے لوگ اس سکیم کا حصہ نہیں بن سکتے جنہوں نے بجلی چوری کا اعتراف کیا، ایک سے زائد ناقص میٹرز کا استعمال کیا ہو یا اگر انہوں نے پچھلے سال تین یا اس سے زائد بار بل کی ادائیگیاں نہ کی ہوں۔معلوم ہوا ہے کہ مفت سولر سسٹم کے حصول کی سکیم میں رجسٹریشن کے لیے شہری ویب پورٹل کے ساتھ ساتھ شناختی کارڈ نمبر 8800 پر بھیج کر بھی خود کو رجسٹرڈ کروا سکتے ہیں، اس عمل میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے پنجاب فری سولر پینل سکیم سے مستفید ہونے والوں کا انتخاب کمپیوٹرائزڈ سسٹم کے ذریعے کیا جائے گا، درخواستوں کی تصدیق کے لیے حکومت ماہانہ بجلی کے بلوں کے حوالے سے حوالہ نمبر اور شناختی کارڈ ہندسوں کا جائزہ لے گی، اس سہولت سے ایک لاکھ بجلی صارفین کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے، سکیم کے لیے شہری 5 جنوری 2025ء سے پہلے ایس ایم ایس یا آن لائن پورٹل کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں۔