’حمایت ختم تو حکومت ختم‘ پیپلزپارٹی نے مسلم لیگ ن کو خبردار کردیا

Published on January 5, 2025 by    ·(TOTAL VIEWS 17)      No Comments

وفاقی حکومت متواتر ایسے فیصلے کر رہی ہے جن کے حوالے سے اعتماد میں نہیں لیا جارہا، وفاقی حکومت کی روش سمجھ سے بالاتر ہے، اس طرز عمل سے خلیج اور بڑھے گی؛ ترجمان پی پی شازیہ مری کا بیان
اسلام آباد (یو این پی) پاکستان پیپلزپارٹی کی ترجمان شازیہ مری نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت متواتر ایسے فیصلے کر رہی ہے جن کے حوالے سے اعتماد میں نہیں لیا جارہا، شاید ن لیگ کو ادراک نہیں جس دن حمایت ختم کردیں گے تو حکومت ختم ہو جائے گی۔ اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میری ٹائم اینڈ سی پورٹ اتھارٹی کے قیام پر اعتماد میں نہیں لیا گیا، اتھارٹی کے قیام کے فیصلے پر حکومتِ سندھ اور پاکستان پیپلز پارٹی دونوں کو بے خبر رکھا گیا، بار بار یہ بات دہرا رہے ہیں کہ وفاقی حکومت کو پیپلز پارٹی کی حمایت حاصل ہے جس دن یہ حمایت ختم کردیں گے تو وفاقی حکومت بھی ختم ہو جائے گی، شاید مسلم لیگ ن کو اس بات کا ادراک نہیں ہے۔پی پی رہنماء کا کہنا ہے کہ کافی وقت سے یہ بھی مطالبہ کر رہے ہیں قومی مفاداتی کونسل کا اجلاس بلایا جائے لیکن 11 ماہ گزر گئے تاحال مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس نہیں بلایا گیا، جس سے آئین کی مستقل اور کھلی خلاف ورزی کی جا رہی ہے کیوں کہ وزیراعظم آئینی طور پر 3 ماہ میں مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلانے کے پابند ہے، اجلاس بلا کر میری ٹائم اینڈ سی پورٹ اتھارٹی کے قیام کے لیے رائے اور معاملہ مشترکہ مفادات کونسل میں لایا جائے، میری ٹائم سیکٹر پر ٹاسک فورس کی سفارشات، بحری امور اور کے پی ٹی تجاویز سے قبل اتحادیوں اور صوبوں کی رائے لی جائے۔شازیہ مری نے سوال اٹھایا کہ اہم قومی امور پر آئین کو سبوتاژ، اتحادیوں اور صوبوں کو اعتماد میں لیے بغیر فیصلہ کرنا کیا دانشمندی ہے؟ وفاقی حکومت کی روش سمجھ سے بالاتر ہے، اس طرز عمل سے خلیج اور بڑھے گی، ملک کو آئینی و قانونی طرزِ عمل پر چلایا جائے تو وہ سب کے لیے کیلے بہتر ہوگا۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

WordPress Themes