ڈپٹی کمشنر پر حملہ امن کو سبوتاژ کرنے کی ناکام مذموم سازش تھی، امن دشمنوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا؛ بیرسٹر سیف کا بیان
پشاور (یو این پی) مشیر اطلاعات خیبرپختونخواہ بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ گرینڈ جرگے کے معاہدے کے مطابق کرم میں ہر حال میں امن کو یقینی بنایا جائے گا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ امن دشمنوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، ڈپٹی کمشنر پر حملہ امن کو سبوتاژ کرنے کی ناکام مذموم سازش تھی، کرم کے عوام امن دشمن عناصر سے ہوشیار رہیں، علاقے میں پائیدار امن کیلئے انتظامیہ اور حکومت کے ساتھ تعاون کیا جائے۔مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ نے واقعے میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کی ہے، سکیورٹی خدشات کے پیش نظر قافلے کو وقتی طور روک دیا گیا ہے، کلیئرنس ملنے کے بعد عنقریب قافلے کو روانہ کیا جائے گا۔بتایا گیا ہے کہ بگن واقعے کے بعد وزیراعلیٰ خیبرختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت صوبائی حکومت کے اعلیٰ حکام کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں واقعے کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، صوبائی حکومت کے اجلاس میں کہا گیا کہ علاقے کے لوگ معاہدے کی خلاف ورزی کے ذمہ دار ہیں، اس میں ملوث افراد کو قانون کے حوالے کیا جائے گا، تمام ملوث افراد کو فوری گرفتار کیا جائے، دہشت گردوں کی سروں کی قیمت مقرر کی جائے گی، کسی دہشت گرد سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور نہ اُن کی معاونت کرنے والوں کو چھوڑا جائے گا۔ادھر لوئر کرم کے علاقے بگن میں ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود کی گاڑی پر حملہ کرنے والوں کی شناخت ہوگئی، حملہ آوروں کے ساتھ سہولت کار بھی ملوث ہیں جن کی تعداد 5 ہے، ان کے خلاف مقدمہ درج کرکے گرفتاری اور قانونی کارروائی جی جائے گی، اہلیان علاقہ اور جرگہ مشران سے بھی ملزمان کی گرفتاری میں مدد لی جائے گی، اس سلسلے میں کوہاٹ میں آج اہم سکیورٹی اجلاس منعقد ہوگا جس کی صدارت آئی جی خیبرپختونخواہ کریں گے، آر پی او اور ڈی پی او بھی اجلاس میں شریک ہوں گے، چیف سیکرٹری خیبر پختونخواہ ندیم اسلم چوہدری بھی آج کوہاٹ کا دورہ کریں گے۔