پولیٹیکل کمیٹی کی عمران خان سے ملاقات ضروری ہے، بانی پی ٹی آئی کے ساتھ اگر ملاقات نہیں ہوتی تو مذاکرات جاری نہیں رہ سکتے، رہنماء پی ٹی آئی کی میڈیا سے گفتگو
اسلا م آباد(یو این پی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءاور بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل بیرسٹرعلی ظفر کا کہنا ہے کہ عمران خان سے ملاقات کے بغیر مطالبات تحریری طور پر نہیں دئیے جا سکتے، پولیٹیکل کمیٹی کی عمران خان سے ملاقات ضروری ہے۔ دھرنے کی کال ابھی نہیں دی گئی،راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ اگر ملاقات نہیں ہوتی تو مذاکرات جاری نہیں رہ سکتے۔مذاکرات جاری نہ رہے تو کچھ بھی ہو سکتا ہے۔ ملاقات اس لئے بھی ضروری ہے کہ ہم سے تحریری طور پر مطالبات مانگے گئے ہیں اور بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہونے تک تحریری طور پر مطالبات نہیں دئیے جا سکتے کیونکہ ان سے مشاورت کے بعد ہی ہم تحریری طور پر مطالبات دینے کی پوزیشن میں ہوںگے۔ایک سوال کے جواب میں بیرسٹر علی ظفر کا یہ بھی کہنا تھا کہ سول نافرمانی کی تحریک کی کال ابھی نہیں دی گئی کیونکہ حکومت کے ساتھ مذاکرات شروع ہوگئے تھے اس لئے بانی پی ٹی آئی نے صرف سول نافرمانی کال کی ڈیڈ لائن دی تھی۔یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ مذاکراتی ٹیم کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرانے میں کوئی پیشرفت نہیں ہوئی تھی۔تحریک انصاف بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کے بغیر مذاکراتی ٹیم کوئی قدم نہیں اٹھا سکتی۔اپنے ایک ویڈیو بیان میں رہنماء پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ میٹنگ سے پہلے اگر ملاقات نہیں کرائی جاتی تو تیسری میٹنگ کا فائدہ نہیں ہوگا۔عمران خان سے ملاقات ہمارا قانونی اور آئینی حق تھا۔ ساڑھے 3 ماہ سے ملاقات پر پابندی غیر آئینی تھی۔شیخ وقاص اکرم کا یہ بھی کہنا تھا کہ دوسری میٹنگ میں حکومتی ٹیم کو بتایا تھا کہ بانی سے مذاکراتی ٹیم کا ملنا ضروری تھا۔ مشاورت کے بغیر کوئی قدم نہیں اٹھایا جاسکتا تھا۔ سپیکرقومی اسمبلی کے آفس سے کئی رابطے کئے گئے اس سے معلوم ہورہا ہے کہ حکومت کتنی سنجیدہ تھی۔