پی ٹی آئی فارم 45 کے بیانیہ سے دستبردار ہوچکی، ہمارا آج بھی یہی مطالبہ ہے کہ فارم 45 پر عدالتی کمیشن بنایا جائے اور جیتنے والے کو حکومت دی جائے۔۔ امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن
لاہور (یو این پی) امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے 17جنوری کو ملک گیر مظاہروں اور آئندہ کا لائحہ عمل دینے کا اعلان کیا ہے۔ منصورہ میں سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، امیر لاہور ضیاالدین انصاری ایڈووکیٹ، سابق ایم این اے صاحبزادہ طارق اللہ و دیر سے آئی ہوئی قیادت کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طبقاتی اور استحصالی نظام عوام کا خون چوس رہا ہے۔آئی پی پیز معاہدوں کے خاتمہ سے حکومت کے بقول قومی خزانہ کو ڈیڑھ ہزار ارب تک کا فائدہ ہوا ہے تو بجلی ٹیرف پر عوام کو فائدہ کیوں نہیں دیا جارہا۔ انہوں نے کہا کہ تمام حکومتوں نے آئی پی پیز کو نوازا، چند لوگوں کو بجلی نہ بنانے پر بھی ہزاروں ارب دیے گئے، آئی پی پیز کو ٹیکس سے بھی استثنیٰ قراردے دیا گیا، جماعت اسلامی کے احتجاج سے قبل حکومت معاہدوں پر بات چیت کے حق میں نہیں تھی، ہم نے انہیں بات چیت پر آمادہ کرنے کے لیے پریشر بڑھایا، نتیجہ بات چیت ہوئی اور کئی معاہدے ختم ہوگئے لیکن اب حکومت ان معاہدوں سے ہونے والے فائدہ کو بجلی بلوں میں کمی کے لیے استعمال نہیں کررہی، ہم نے عوام کے ریلیف کے لیے احتجاجی تحریک کو ازسرِ نو منظم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔امیر جماعت نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں امن کے لیے افغانستان سے مذاکرات ضروری ہے۔ کابل سے پاکستان کی سرزمین پر کسی صورت دہشت گردی ایکسپورٹ نہیں ہونی چاہیے۔ اسلام آباد اور کابل اعتماد کی بحالی کے لیے اقدامات اٹھائیں۔ کُرم میں امن کے لیے مرکزی و صوبائی حکومتیں ذمہ داری ادا کریں۔ کے پی اور بلوچستان میں فوجی آپریشن سے مسائل پہلے حل ہوئے نہ اب ہوں گے۔حکومت خطے کے نوجوانوں کو روزگار اور تعلیم دے، علاقوں میں صنعتوں اور دیگر معاشی سرگرمیوں کا آغاز ہو، عوام کو بااختیار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے کبھی بھی ملٹری کورٹس کی حمایت نہیں کی۔ ایک سوال کے جواب میں حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوں۔ انہوں نے کہا عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے۔