پہلے فائنل کال دی گئی جو مس کال ثابت ہوئی اور پی ٹی آئی والے ڈی چوک چھوڑ کر بھاگ گئے، دوسروں کے لیے اے سی بند کروانے والوں کے لیے مکافات عمل ہے؛ صوبائی وزیر کی پریس کانفرنس
لاہور (یو این پی ) صوبہ پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ عمران خان این آر او کیلئے جھک گئے‘ دوست ممالک کو بھی فتنے کا پتا ہے، دوسروں کے لیے اے سی بند کروانے والوں کے لیے مکافات عمل ہے، بانی پی ٹی آئی سے تو گھر والے بھی نہیں ملنے جاتے۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے فائنل کال دی گئی جو مس کال ثابت ہوئی اور پی ٹی آئی والے ڈی چوک چھوڑ کر بھاگ گئے، اوورسیز پاکستانی دیکھ چکے ہیں کہ اس شخص کا ایجنڈا پاکستان کی تباہی ہے، اسی لیے ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے کیوں کہ کوئی بھی ذی شعور پاکستانی اس شخص کو سپورٹ نہیں کرسکتا۔عظمیٰ بخاری کہتی ہیں کہ لاہور میں ترقیاتی کام جاری ہیں، مریم نواز نے آ کر بتایا کہ روٹی کی قیمت کم کرنا وزیرِ اعلیٰ کی ذمے داری ہوتی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز خود ترقیاتی کاموں کی نگرانی کر رہی ہیں، دھی رانی پروگرام مریم نواز کے دل کے قریب ہے، سکالر شپ پروگرام سے 30 ہزار بچوں کو تعلیم ملے گی، مریم نواز کی حکومت میں کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہیں رہے گا۔صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی اور سول نافرمانی کر کے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کو خطوط لکھے گئے، سازش سے اداروں اور ملک کو نقصان پہنچایا گیا، اب پھر پی ٹی آئی منفی پروپیگنڈا کر رہی ہے، پی ٹی آئی این آر او کے لیے کوشش کر رہی ہے اور بانی پی ٹی آئی این آر او کے لیے جھک گئے ہیں، پنجاب حکومت سفارش نہیں میرٹ پر کام کر رہی ہے جب کہ علی امین گنڈا پور کی حکومت پر کرپشن کا الزام ہے، خیبر پختونخواہ میں تو ایک وزیر میٹرک فیل تھے، پی ٹی آئی کا پناہ گاہوں والا منصوبہ ناکام ہوا۔