ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان

Published on January 11, 2025 by    ·(TOTAL VIEWS 12)      No Comments

سپلائی میں ممکنہ رکاوٹوں اور توانائی کی بڑھتی ہوئی طلب نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھا دی ہیں
اسلام آباد ( یو این پی ) ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ظاہر کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں آئندہ 15 روز کے لیے 3 سے 5 روپے فی لٹر اضافہ متوقع ہے، جس کی بنیادی وجہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں تبدیلی بتائی جارہی ہے جہاں سپلائی میں ممکنہ رکاوٹوں اور توانائی کی بڑھتی ہوئی طلب نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھا دی ہیں، جس کو مدنظر رکھتے ہوئے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے قیمتوں میں اضافے کی سمری ارسال کردی ہے، جس پر حتمی فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزارتِ خزانہ کی جانب سے کیا جائے گا۔بتایا گیا ہے کہ عالمی منڈی میں برینٹ کروڈ فیوچرز کی قیمت 0.35 فیصد اضافے کے ساتھ 77 اعشاریہ 32 ڈالر فی بیرل تک پہنچ چکی ہیں جو گزشتہ تین ماہ کی بلند ترین سطح ہے، عالمی مارکیٹ میں یہ تیل کی قیمتوں میں مسلسل تیسرا ہفتہ وار اضافہ ہے اور حالیہ تین سال کی کم ترین سطح کے بعد قیمتیں اب تیزی سے اوپر آئی ہیں۔دوسری طرف پاکستان پیٹرولیم نے گیس کی پیداوار شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے، اس ضمن میں پاکستان پیڑولیم کی جانب سے کوٹری سے گیس پیداوار شروع کرنے کی اطلاع پاکستان سٹاک ایکسچینج کو ارسال کردہ خط میں دی گئی ہے، اس حوالے سے خط میں بتایا گیا ہے کہ کوٹری نارتھ بلاک ون سے گیس کی یومیہ پیداوار 5.3 ملین میٹرک کیوبک فٹ ہے، کنوئیں سے یومیہ گیس کا حصول 950 پاؤنڈ فی مربع انچ کے ساتھ ہورہا ہے، کوٹری سے گیس پیداوار میں پاکستان پیڑولیم، یونائیٹڈ انرجی پاکستان لمیٹڈ اور ایشیاء ریسورسز آئل لمیٹڈ کے مشترکہ شئیرز ہیں، کوٹری میں ٹکری ون کنویں سے ملنے والی گیس کو علی آباد پراسیسنگ پلانٹ سے سوئی سدرن سسٹم میں شامل کیا جارہا ہے۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

WordPress主题