کینسر

Published on July 2, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 451)      No Comments

SS
پاکستان میں سیاست دانوں کی مہربانی اور نوازشات سے روزانہ ہزاروں لوگ بے موت مارے جاتے ہیں ، لوگ طبعی موت کم اور ایکسیڈینٹ یا بیماریوں سے زیادہ موت کا شکار ہوتے ہیں دونوں صورتوں میں علاج کی ضرورت ہوتی ہے اور پاکستان میں علاج نہیں ہوتا کیونکہ بعض بیماریوں یا جسم کے اعضا کا نام لینا غیراِ خلاقی یا شرمناک سمجھے جاتے ہیں اِسی وجہ سے کئی لوگ جان بوجھ کر موت کو گلے لگاتے ہیں ۔
اموات کی ایک وجہ تو بیماری کا پتہ نہ چلنا اور صحیع علاج نہ ہونا اور دوسری سب سے بڑی وجہ تعلیم کا فقدان ۔
یہ مفاد پرست سیاستدان اگر ملک میں نظامِ تعلیم درست کریں تو شاید اموات میں کمی واقع ہو کیونکہ جب مریض اپنی بیماری کو راز میں رکھے گااور ڈوکٹر کو نہیں بتائے گا وہ علاج کرنے سے قاصر ہو گا اور اس مریض کی موت کا ذمہ دار ملک کا رہنما یا لیڈر ہوا جس نے عوام کو تعلیم جیسی بنیادی سہولت فراہم نہیں کی اِس صورت میں وہ ملک و قوم کا رہنما نہیں بلکہ قاتل کہلایا جانا چاہئے ،یہ بے حس حکمران غربت اور مہنگائی میں اِضافہ اِ سی لئے کرتے ہیں کہ لوگ تڑپ تڑپ اور سِسک سِسک کر مریں اور الزام اللہ کو دیں کہ اُس کی مرضی تھی مجھ پر کوئی آنچ نہ آئے ۔
عالمی ادارہِ صحت ڈبلیو ایچ اونے کینسر کے عالمی پھیلاؤ کے بارے میں نئی سنگین پیشنگوئی جاری کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ مغربی ادویات بھی اس مرض پر قابو پانے میں ناکام ہو چکی ہیں اور اگلے پندرہ سال میں مزید اضافہ ہو جائے گا ، سب سے بڑا اضافہ ترقی پذیر ممالک میں متوقع ہے ، نئی کینسر تشخیص کے مطابق سالانہ تعداد سینتیس فیصد ہونے کا امکان ہے دو ہزار تیس تک کینسر کے مریضوں کی تعداد چودہ میلین سے بڑھ کر اٹھائیس میلین ہو جائے گی ، کینسر کی سب سے زیادہ تعداد ترقی پذیر ممالک میں ہو گی ، ماہرین کا کہنا ہے کینسر کے واقعات کا دنیا بھر میں اضافہ ہو رہا ہے لیکن سب سے زیادہ متاثرہ ممالک جو مغربی معیار کے مطابق ترقی کی راہ میں ہیں جن میں چین اور انڈیا شامل ہیں ان ممالک میں جدید شہروں کی طرزِ زندگی اور فاسٹ فوڈ میں جہاں تیزی سے امریکا اور یورپ کے ماڈل کہ طور پر اضافہ ہو رہا ہے وہاں دوسری طرف شدید نقصان بھی ، کیونکہ جسمانی ورزش نہیں کی جاتی اور بیماری کی صورت میں مغربی ادویات یا سرجری کی نوبت آجاتی ہے ، رپورٹ کے مطابق جینیاتی ترمیم شدہ کھانے ہی کینسر کا سبب بنتے ہیں آج کی غذا اور کپڑے مرد و خواتین میں چھاتی کے کینسر کا خطرہ پیدا کرتے ہیں ،خواتین میں بانجھ پن بھی پیدا ہو سکتا ہے ، ڈبلیو ایچ او کی تحقیق کے مطابق سگریٹ نوشی اور الکوحل کینسر کی سب سے بڑی اور اہم وجوہات ہیں ، مغربی ثقافت کے اطوار ترقی پذیر ممالک میں پھیل جانے سے وہ بری طرح متاثر ہوئے ہیں ، مغرب میں علاج کی سہولتیں موجود ہیں لیکن ترقی پذیر ممالک میں علاج نہ ہونے پر صرف اموات ہوتی ہیں ۔ماہرین کا کہنا ہے بریسٹ کینسر جیسی مہلک بیماری کو پاکستان میں راز رکھا جاتا ہے جس کی وجہ سے ہر سال تقریباً پچاس ہزار خواتین کی اموات ہوتی ہیں بریسٹ کینسر جیسے موذی مرض کا نام لینا ملک میں غیر اِخلاقی اور شرمناک سمجھا جاتا ہے ، حالیہ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں اتنے لوگ دہشت گردی سے نہیں مرتے جتنا خواتین بریسٹ کینسر سے ۔
امدادی تنظیمیں تبدیلی چاہتی ہیں لیکن اُن کے راستے میں ملک کا کلچر روکاوٹ ہے کیونکہ بریسٹ (چھاتی) ایک غیر اخلاقی اور شرمناک لفظ سمجھا جاتا ہے ، تنظیم کا کہنا ہے جب خواتین یہ لفظ کہنے یا سننے میں شرم محسوس کرتی ہیں تو امدادی کارکن اس مرض کا کیسے علاج یا مدد کر سکتے ہیں کیونکہ اِس لفظ کو صحت کی بجائے جنسی معاملات سے منسلک کیا جاتا ہے اس لفظ کو عام طور پر ایک عورت نہ تو اپنی فیملی میں اور نہ ہی کلینک میں ڈوکٹر کے سامنے بیان کر سکتی ہے۔پاکستان میں بریسٹ کینسر کی شرح پر اعداد و شمار نہیں بلکہ اندازہ لگایا گیا ہے کہ اِس بیماری سے ہر سال تقریباً پچاس ہزار سے زائد خواتین کی اموات ہوتی ہیں ہر دس میں سے ایک عورت اس بیماری میں مبتلا ہے ، اِس طرح پاکستان ایشیا بھر میں سرطان کی شرح میں سب سے زیادہ ایفیکٹڈ ہے یہ بیان امدادی تنظیم کے اونکولوجسٹ نے دیا ۔
موجودہ نظامِ صحت اور تشخیص کو دیکھتے ہوئے ماہرین کا خیال ہے کہ یہ بیماری کم ہونے کی بجائے مزید بڑھے گی ان کا کہنا ہے ملک کے مختلف ہوسپیٹلز میں داخل چھ سو خواتین میں ستر فیصد اس بیماری سے لاعلم ہیں ، اَسی فیصد کیلئے یہ بات نئی تھی کہ وہ خود بریسٹ میں گرہ ،گانٹھ ، گٹھلی تلاش کر سکتی ہیں ،اٹھاسٹھ فیصد کو پتہ ہی نہیں کہ یہ ہوتا کیا ہے۔اونکولوجسٹ نے بتایا کہ روایتی پابندیاں روشن خیالی کی راہ میں سب سے بڑی روکاوٹ ہیں انہوں نے بتایا کہ ایک یونیورسٹی میں بریسٹ کینسر کے بارے میں لیکچر دینا تھا تو سٹوڈنٹس لڑکیوں نے چھاتی لفظ کہنے کی اجازت نہیں دی اور مطالبہ کیا کہ لڑکوں کو ہال سے باہر نکال دیا جائے ،علاوہ ازیں ملک کے ہوسپیٹلز میں ٹیکنولوجی کی کمی ہے، بہت سی خواتین تنگ آکر ٹریڈیشنل علاج (جعلی پیر ،حکیم )شعبدہ بازوں کی طرف متوجہ ہوتی ہیں اور بیماری کی آخری حد میں ڈوکٹرز سے رجوع کرتی ہیں لیکن وقت گزر چکا ہوتا ہے ، پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک میں بریسٹ کینسر جیسی بیماری سے زندہ بچنا مشکل ہے کیونکہ اصل بیماری کا پتہ بہت دیر بعد چلتا ہے ، بہت سی خواتین اِس بیماری کے بارے میں اپنے شوہر کو نہیں بتاتیں وہ لاعلم رہتے ہیں ، بیوی اِس بیماری سے آگاہ نہیں اور شوہر کو بتانا مناسب نہیں سمجھتی اور تکلیف برداشت کرتے موت کے منہ میں چلی جاتی ہے۔
نئی تشخیص کے مطابق تیزی سے نتائج فراہم کرنے کیلئے ماہرین کا خیال ہے کہ بلڈ ٹیسٹ سے خفیہ راز عیاں ہو سکتا ہے کسی تھیراپی کو شروع کرنے سے پہلے بلڈ ٹیسٹ لازمی ہے کیونکہ اس کا نتیجہ فوری آجاتا ہے اور مریض کو طویل انتظار نہیں کرنا پڑتا ، بلڈ ٹیسٹ سے ماہرین پتہ لگا سکتے ہیں کہ ٹیو مر خلیات کی گردش کتنی رفتار سے ہے ، آیا تھیراپی کی ضرورت ہے یا میڈیسن سے علاج کیا جا سکتا ہے ، تھیراپی سے زندگی بچانے کے چانس پیدا ہو جاتے ہیں ، یہ بیان جرمنی کے شہر ہائیڈل برگ کی یونیورسٹی کلینک کہ ڈیپارٹمنٹ این سی ٹی (نیشنل سینٹر اوف ٹیومر ) کے ڈوکٹر پروفیسراینڈریو ۔ شنے وائس نے دیا ۔
ماہرین کی مطالعہ کے بعد امید۔ہمارا مطالعہ اِسی سال منعقد ہونے والے سالانہ اجلاس جو کہ ستائیس سے انتیس جون تک میونخ میں ہو رہا ہے پیش کیا جائے گا اس اجلاس میں ڈھائی ہزار ڈوکٹرز اور بریسٹ کینسر سے نمٹنے والے دیگر طبی عملے کے لوگ شرکت کریں گے ، مطالعہ میں بلڈ ٹیسٹ کے ذریعے خواتین کی اس بیماری پر مدد حاصل ہو گی اور فوراً تھیراپی کا عمل کیا جائے گا ، ٹیومر خلیات کا پتہ لگانے کیلئے بلڈ ٹیسٹ اور ایکسرے کے بعد ہم فوری اس نتیجہ پر پہنچ سکتے ہیں کہ تھیراپی اور میڈیسن سے علاج ہو سکتا ہے
تحقیقات سے نئی رپورٹ سامنے آئی ہے کہ پھیپھڑوں یا پیٹ کے کینسر میں جو تھیراپی یا میڈیسن استعمال کی گئی تھی انہیں اب بریسٹ کینسر کے مریضوں پر استعمال کرنے کا تجربہ کیا جائے گا ابھی طبی ٹیسٹ مکمل نہیں ہوا کچھ وقت درکار ہے فی الحال نئی ٹیکنالوجی کے ذریعے تجزیئے اور تجربات کی جانچ کی جارہی ہے اور مستقبل قریب میں اس بیماری پر قابو پا لیا جائے گا ۔
دنیا بھر میں ہر انسان کسی نہ کسی بیماری میں مبتلا ہے کئی بیماریوں کا علاج کیا جاتا ہے اور انسان تندرست ہو جاتا ہے ،پاکستان میں لوگوں کو جسمانی بیماریوں کے علاوہ ان گنت ذہنی بیماریاں بھی ہیں مثلاً سیاسی بیماری ، جنسی بیماری ، مختلف عقائد کی بیماری ،احسا س کمتری کی بیماری ، جلن حسد کی بیماری ۔۔۔۔۔۔۔ ایک دن ایسا بھی آئے گا جب کینسر، ٹی بی، منشیات اور ایڈس پر قابو پا لیا جائے گا لیکن اوپر بیان کی گئی بیماریوں پر تا حیات قابو نہیں پا یا جا سکتا۔

Readers Comments (0)




Weboy

Weboy