جسٹس ناصر الملک نے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا، صدرمملکت ممنون حسین نے حلف لیا

Published on July 6, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 495)      No Comments

8
اسلام آباد (یو این پی) سپریم کورٹ کے سینئرترین جج جسٹس ناصر الملک نے اتوار کو یہاں چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا، صدرمملکت ممنون حسین نے جسٹس ناصر الملک سے حلف لیا۔ پی ٹی وی کے مطابق حلف اٹھانے کی تقریب اتوار کو ایوان صدر میں ہوئی ۔ تقریب میں وزیراعظم محمد نواز شریف، وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید ، وزیر خزانہ اسحاق ڈار ، وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ ، وزیر سیفران جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ چیئرمین سینیٹ سید نیئرحسین بخاری، سبکدوش ہونے والے چیف جسٹس جسٹس تصدق حسین جیلانی، سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری ، گورنر خیبر پختونخوا مہتاب احمد خان ، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن ، سپریم کورٹ کے ججز، وکلاء، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کے علاوہ اہم سیاسی شخصیات ، وکلاء اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ جسٹس ناصرالملک پاکستان کے 22 ویں چیف جسٹس ہیں۔ وہ 16 اگست 2015ء تک چیف جسٹس رہیں گے ۔ ان کا تعلق وادی سوات سے ہے۔ انہوں نے 1972ء میں پشاور یونیورسٹی سے ایل ایل بی اور 1976ء میں لندن سے بار ایٹ لاء کی ڈگری حاصل کی۔ انہوں نے 17 سال بطور وکیل خدمات سرانجام دیں۔ وہ 1990ء اور 1993ء ء میں دوبارہ پشاور ہائیکورٹ بار کے صدر منتخب ہوئے۔ وہ 4 جون 1994ء کو پشاور ہائیکورٹ کے جج بنے۔ وہ ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا اور چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ بھی رہ چکے ہیں ۔ جسٹس ناصر الملک کے چیف جسٹس کا حلف اٹھانے کے بعد جسٹس جواد ایس خواجہ سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج بن گئے۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Free WordPress Theme