وزیراعظم محمد نواز شریف کی آپریشن ’’ضرب عضب‘‘ میں پاکستان کی مسلح افواج کے جوانوں کی بہادری اور جرأت کی تعریف
آپریشن پاکستان میں امن وسلامتی کے قیام میں معاون ہو گا، تمام ادارے آئی ڈی پیز کی مدد کے لئے مربوط انداز میں کام کر رہے ہیں۔وزیراعظم محمد نواز شریف کی چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف سے ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد (یو این پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے آپریشن ’’ضرب عضب‘‘ میں پاکستان کی مسلح افواج کے جوانوں کی بہادری اور جرأت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ آپریشن پاکستان میں امن وسلامتی کے قیام میں معاون ہو گا، تمام ادارے آئی ڈی پیز کی مدد کے لئے مربوط انداز میں کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بات چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف سے بدھ کو ایوان وزیراعظم میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ آرمی چیف نے وزیراعظم کو آپریشن ’’ضرب عضب‘‘ کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ آپریشن طے کردہ اہداف کے مطابق کامیابی سے جاری ہے۔ چیف آرمی سٹاف نے وزیراعظم کو بتایا کہ پاکستان کی مسلح افواج وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق آپریشن کے مقاصد حاصل کریں گی۔ وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان کی مسلح افواج کے جوانوں کی بہادری اور جرأت اور کم سے کم ضمنی نقصان کے ساتھ آپریشن کو کامیاب بنانے کے لئے ان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ یہ آپریشن پاکستان میں امن وسلامتی کے قیام میں معاون ہو گا۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے وزیراعظم کو آئی ڈی پیز کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ تمام ادارے آئی ڈی پیز کی مدد کے لئے مربوط انداز میں کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان کے لئے جامع بحالی منصوبہ وضع کر رہے ہیں تاکہ آپریشن مکمل ہونے پر عزت و وقار کے ساتھ ان کو ازسر نو بحال کیا جا سکے۔ وزیراعظم اور آرمی چیف نے اتفاق کیا کہ آئی ڈی پیز کی قربانیاں پاکستان کے استحکام اور سلامتی کے لئے ہیں۔ وزیراعظم نے کم سے کم ممکنہ وقت میں آپریشن کو کامیاب بنانے میں آرمی چیف کے کردار کو سراہا۔