پالے کیلی (یو این پی) سری لنکن ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر انجیلو میتھیوز نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں کامیابی ٹیم کی اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے، انہوں نے کہا کہ پہلے میچ شکست کے بعد دوسرے میچ میں کامیابی کے بعد ٹیم کا مورال بلند ہوا ہے جس کا فائدہ انکی ٹیم کو مہمان ٹیم کے خلاف فیصلہ کن میچ میں ضرور ہوگا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ٹیم نے مہمان ٹیم کے خلاف ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں کھیل کے ہر شعبے میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور کامیابی کے ساتھ سیریز میں جاندار کم بیک کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلکا رتنے دلشان کی آل راؤنڈ اور ملینگا کی باؤلنگ کی کارکردگی قابل ستائش رہی، اس کے علاوہ انہوں نے پوری ٹیم کی بھی تعریف کی۔ انجیلو میتھیوز نے کہا کہ پروٹیز ورلڈ کلاس ٹیم ہے اور اس کو شکست دینا آسان نہیں تھا تاہم کھلاڑیوں نے میچ کے دوران تمام توجہ کھیل پر مرکوز رکھی اور اپنے عمدہ کھیل کی بدولت کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ انکو کھلاڑیوں کی کارکردگی پر فخر ہے اور امید ہے کہ کھلاڑی ون ڈے سیریز کے فیصلہ کن میچ میں بھی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے سیریز اپنے نام کرینگے ۔ انجیلو میتھیوز نے کہا کہ وہ اس کامیابی پر وہ بہت خوش ہیں جس سے ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مہمان ٹیم کو تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں آسان نہیں لینگے اور اپنی کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھنے کی کوشش کرینگے۔ واضح رہے کہ آئی لینڈرز نے پروٹیز کو دوسرے ون ڈے میچ میں 87 رنز سے شکست دیکر سیریز 1-1 سے برابر کر دی تھی۔