اس آپریشن کی تکمیل کے بعد مکمل امن ہوگا،مسلم لیگ (ن) میں کوئی گروپ بندی نہیں،چوہدری برادران‘ عمران خان اور طاہر القادری پرویز مشرف کے آمرانہ دور میں ان کے ساتھ رہ چکے ہیں۔ وفاقی وزیر دفاع و پانی و بجلی خواجہ محمد آصف کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو
اسلام آباد ۔۔۔ وفاقی وزیر دفاع و پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے ، آپریشن کی تکمیل کے بعد مکمل امن ہوگا۔ جمعہ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کے دوران انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں کوئی گروپ بندی نہیں ہے، مسلم لیگ (ن) ایک سیاسی جماعت ہے اور اس کے ورکرز نے جمہوریت کی خاطر قید و بند کی صعوبتیں برداشت کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری برادران‘ عمران خان اور طاہر القادری پرویز مشرف کے آمرانہ دور میں ان کے ساتھ رہ چکے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے 14 اگست کے لانگ مارچ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ جمہوری ملک میں ہر شخص کو احتجاج کا حق حاصل ہے لیکن احتجاج آئین اور قانون کے دائرہ میں ہونا چاہیے کیونکہ ہم سب نے آئین کے تحفظ کا حلف اٹھا رکھا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے بتایا کہ ارسلان افتخار کا مسلم لیگ (ن) سے کوئی تعلق نہیں تاہم اگر عمران خان سابق چیف جسٹس پر الزامات لگاتے ہیں تو پھر ارسلان افتخار کو اپنے باپ کے دفاع کا حق حاصل ہے۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری نے عدلیہ کی آزادی کے لئے کوششیں کیں اور اگر وہ 9 مارچ والا اقدام نہ کرتے تو شاید عدلیہ کی آزادی ممکن نہ ہو سکتی۔ ملک میں اب جمہوریت مضبوط ہو رہی ہے جو عمران خان کو موافق نہیں۔ ضرب عضب آپریشن کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وزیر دفاع نے بتایا کہ آپریشن کامیابی سے جاری ہے اور آپریشن کی تکمیل کے بعد مکمل امن ہوگا۔