بیجنگ (یو این پی) چین نے امریکی ایپل آئی فون ٹیکنالوجی کو چینی سلامتی کیلئے خطرہ قرار دیدیا۔ چین کے سرکاری سی سی ٹی وی نے امریکی ٹیکنالوجی فرم ایپل کے بارے میں کہا ہے کہ ایپل آئی فون کی ٹریک اور ٹائم سٹمپ یوزر لوکیشن بتانے کی صلاحیت چین کی قومی سلامتی کیلئے بڑا خطرہ ہے کیونکہ ایپل آئی فون میں ’’فریکوئنٹ لوکیشنز‘‘ فنکشن جس کو مرضی سے سوئچ آف یا آن کیا جا سکتا ہے میں انتہائی حساس مواد اکٹھا کرنے کی بے حد صلاحیت موجود ہے۔ پیپلز پبلک سیکورٹی یونیورسٹی بیجنگ کے انسٹی ٹیوٹ فار سیکورٹی آف دی انٹرنیٹ کے ڈائریکٹر ماڈنگ نے کہا کہ آئی فون کی اس صلاحیت سے کسی کے کسی جگہ جانے، وہاں ٹہرنے یہاں تک کسی شخص کے کام کا موضوع یا نوعیت وغیرہ بھی معلوم کی جا سکتی ہے اور یہ بات سی سی ٹی وی نے دریافت کی ہے۔ مذکورہ صلاحیت ایپل کے آئی او ایس سیون میں موجود ہے جس کو ستمبر 2013ء میں متعارف کرایا گیا تھا۔