مصطفی آباد/للیانی(یواین پی) اب پورے ملک میں سونامی آنے والا ہے ، کیونکہ حکمران چار حلقوں میں انگوٹھوں کے نشانات کی شناخت اور دوبارہ گنتی کے عمل سے مسلسل گریزاں ہے، جس سے ثابت ہوگیا ہے کہ انہوں نے الیکشن میں سینکڑوں کی تعداد میں پینکچر لگائے ہیں، پنکچر زدہ حکومت کسی بھی وقت دھڑن تختہ ہوسکتی ہے ، اب ملک میں شفاف اور صاف ستھرے الیکشن کمشن کی بات ہورہی ہے ، اور حکمرانوں نے خود تسلیم کرلیا ہے کہ الیکشن کمشن آزاد نہیں ، اسے خود مختاری ملنی چاہیے ۔ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف یوتھ ونگ کے ضلعی صدر وسیم عباس قادری نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا سونامی اب اپنی منزل پرپہنچ کرہی رکے گا ، فیصل آبا د،راولپنڈی اورسیالکوٹ میں عوام نے ن لیگ کے خلاف فیصلہ سنادیا ہے،شفاف انتخاب کا مطالبہ اب تحریک بن چکا ہے ،ہم جمہوری نظام کے خلاف نہیں لیکن چاہتے ہیں جمہوری نظام کا قیا م شفاف اندازمیں ہو۔گزشتہ عام انتخاب میں جن حلقوں میں دھاندلی ہوئی ہے ان کے ثبوت عوام کی عدالت میں پیش کردئیے ہیں ،ن لیگ کے پاس اپنے دفاع میں کہنے کو کچھ نہیں ہے ،تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی جمہوری جماعت ہے جوعوام کی رائے پرمبنی حقیقی جمہوری نظام چاہتی ہے ،حافظ آباد میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف کی کامیابی اس جماعت کا عوام میں مقبول ہونے کا مظہر ہے۔