سرمایہ کار اور کاروباری برادری ٹیکسوں کے ذریعے قومی معیشت کو مستحکم بنیادوں پر استوار کرنے کے لئے کوشاں رہیں،
انقلاب اور تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں کی پرواہ نہ کریں،
حکومت کی اقتصادی پالیسیوں اور اصلاحات کی بدولت ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے،
کسی کو ترقی کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی
وزیراعظم محمد نواز شریف کا ٹیکس دہندگان کے لئے مراعاتی اور اعزازی کارڈز اسکیم کے اجراء کی تقریب سے خطاب
اسلام آباد (یو این پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے قومی معیشت کے استحکام میں ٹیکس دہندگان کے اہم کردار کو اجاگر کرتے ہوئے سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے ٹیکسوں کے ذریعے قومی معیشت کو مستحکم بنیادوں پر استوار کرنے کے لئے کوشاں رہیں، انقلاب اور تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں کی پرواہ نہ کریں، موجودہ حکومت کی اقتصادی پالیسیوں اور اصلاحات کی بدولت ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے، کسی کو ترقی کے اس عمل میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے یہ بات منگل کو وزیراعظم آفس میں ٹیکس دہندگان کے لئے مراعاتی اور اعزازی کارڈز اسکیم کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ یہ سکیم ملک میں ٹیکس کلچر کے فروغ کے لئے شروع کی گئی ہے جس میں 100 ممتاز ٹیکس دہندگان کی نشاندہی کی جائے گی جنہیں وزیراعظم کی طرف سے ایکسیلنس ایوارڈز، 23 مارچ اور 14 اگست کی تقریبات کے دعوت نامے، ہوائی اڈوں پر وی آئی پی لاؤنجز تک رسائی، امیگریشن کاؤنٹرز پر تیز تر کلیئرنس اور بیگیج الاؤنس 500 ڈالر سے بڑھا کر 5 ہزار ڈالر کرنے سمیت مختلف مراعات حاصل ہوں گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ عوام نے ہمیں بدعنوانی، دہشت گردی، معاشی بدحالی اور توانائی کے بحران سے نجات کے لئے مینڈیٹ دیا ہے اور ہم اپنی مسلسل کوششوں اور محنت سے اقتصادی بحالی عمل میں لائیں گے۔ عوام نے جو مینڈیٹ دیا ہے اس کو ہر صورت میں پورا کریں گے۔ اقتصادی پالیسیوں اور اصلاحات کی بدولت ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے، ترقی کے عمل کو چلنے دینا چاہئے، کسی کو اس میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، قومی ترقی سب کا ایجنڈا ہونا چاہئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ جو سیاسی جماعتیں احتجاج اور لانگ مارچز کے ذریعے ملک میں تبدیلی لانے کے دعوے کر رہی ہیں وہ ملک کی کوئی خدمت نہیں کر رہیں۔ انہوں نے کہا کہ 30 یا 40 ہزار افراد کون سا انقلاب لے کر آئیں گے، چند ہزار لوگ کروڑوں افراد کے مینڈیٹ کو ہر گز تبدیل نہیں کر سکتے۔ وزیراعظم نے کہا کہ تبدیلی راتوں رات نہیں آتی، اس کے لئے مسلسل محنت، لگن، دیانتداری اور اﷲ پر بھروسہ کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 60 سال کے مسائل چند ماہ میں حل نہیں ہو سکتے۔ بجلی کا مسئلہ کافی پرانا ہے، اس کو اپنے دور میں حل کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت دیانتداری، محنت اور تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لا کر پاکستان کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے کے لئے کوشاں ہے، اس سلسلے میں توانائی، مواصلات، معیشت، صحت سمیت مختلف شعبوں میں کئی منصوبے شروع کئے گئے ہیں جن کی تکمیل سے ملک ترقی اور خوشحالی کی منزل سے ہمکنار ہوگا۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ منفی سیاست کی اس ملک میں کوئی گنجائش نہیں۔ 80ء اور 90ء کی دہائی کی منفی سیاست کا وقت گذر چکا ہے، یہ تعمیری سیاست کا دور ہے، حکومت کسی کو منفی سیاست کی اجازت نہیں دے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے کسی حکومت کا تختہ الٹنے کا کبھی کوئی اقدام نہیں اٹھایا، ججز کی بحالی کے لئے لانگ مارچ کیا، ججز کی بحالی کے اعلان کے بعد لانگ مارچ کو گوجرانوالہ میں ختم کر دیا کیونکہ ہمارا کوئی تخریبی ایجنڈا نہیں تھا اور اسلام آباد آ کر تخریبی سیاست نہیں کی، ہم نے دوسروں کے مینڈیٹ کو تسلیم کیا ہے اور توقع کرتے ہیں کہ ہمارا مینڈیٹ بھی تسلیم کیا جائے گا،