اسلام آباد ۔۔۔ اسلام آبادہائی کورٹ نے تحفظ پاکستان ایکٹ کیخلاف دائر درخواست پر وفاق،وزارت قانون اور وزارت داخلہ کو نوٹس جاری کردیئے۔ منگل کو جسٹس نورالحق این قریشی پر مشتمل سنگل بینچ نے رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کی جانب سے دائردرخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزارکے وکیل ایڈووکیٹ سعید خورشید نے عدالت میں موقف اختیارکیاکہ میرے موکل جمشید دستی ایسے علاقے میں رہتے ہیں جہاں پولیس کانسٹیبل کو لامحدوداختیارات دے دیئے گئے ہیں، تحفظ پاکستان ایکٹ بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے،عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو شق وار جواب داخل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت دوہفتوں کیلئے ملتوی کردی۔