راجہ منظور حسین۔دبئی
گلو بٹ اب ایک علامت بن چکا ہے ،جس کا مطلب ایسا دوست ہے جو ظاہری طور پر تو دوست ہے لیکن وہ اندر اندر سے آپ کی جڑیں کاٹتا ہے۔گلو بٹ کو آپ ایسا شخص بھی کہہ سکتے ہیں جو بظاہر جماعت کا وفادار نظر آتا ہے لیکن حقیقت میں اس کے تمام کام اپنے ذاتی فائدے کے لئے ہوتے ہیں۔ر ذاتی فائدے اٹھانے کے لئے وہ اپنی جماعت کو نقصان پہنچانے میں ایک منٹ کی دیر نہیں کرتا۔ایسا گلو بٹ ہر جماعت میں پایا جاتا ہے۔ کچھ جماعتوں میں اس کی پہچان واضح ہوتی ہے۔ بعض جماعتوں میں وہ جماعت کے فائدے کے طور پر دیکھے جاتے ہیں جبکہ وہ اپنے زاتی فائدے کے لئے جماعت کو خراب کرنے میں مصروف ہوتے ہیں۔ایسے گلو بٹ دودھ پینے والے مجنوں ہوتے ہیں اور جماعت کے مشکل وقت میں ان کا نام و نشان بھی نہیں ملتا۔
ایسا ہی ایک کردار مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں بھی پایا جاتا ہے جو جماعت کے نام پر مال بنانے اور جماعت میں جھگڑے اور انتشار پیدا کرنے کی حرکتیں کرتا رہتا ہے۔مسلم لیگ(ن) کی اعلی قیادت بھی اس سے تنگ ہے ۔مسلم لیگ(ن) آزاد کشمیر کایہ گلو بٹ بیرون ملک جماعتی عہدے دینے کے نام پر درجنوں افراد سے نقد پیسے اور مختلف اشیاء لینے کے حوالے سے مشہور ہے۔برطانیہ میں کتنے ہی ایسے مسلم لیگی کارکن ہیں جن سے اس گلو بٹ نے بڑی رقمیں اور مختلف قیمتی چیزیں لیتے ہوئے ان کو جماعتی عہدے دینے کا وعدہ کیا۔اب حال ہی میں اس گلو بٹ نے دبئی سے ایک مسلم لیگی سے 50ہزار ریال اور کئی قیمتی اشیاء منگوائی ہیں۔مشرق وسطی کے شہروں میں اس گلو بٹ کی عیاشیوں کے تذکرے بھی وہاں رہنے والے آزاد کشمیر کے لوگوں میں ہوتے رہتے ہیں۔شنید ہے کہ یہ گلو بٹ مسلم لیگ(ن) آزاد کشمیر کی مرکزی قیادت کے نام سے بھی لوگوں سے بری رقمیں لیتا ہے۔
مسلم لیگ(ن) آزاد کشمیر کے کارکنوں کا گلہ ہے کہ گلو بٹ جماعت کے بانی،مخلص کارکنوں کو جماعت سے نکالنے کی کوششیں کرتا چلا آرہا ہے۔میرپورمسلم لیگ(ن) آزاد کشمیر کے ایک نہایت اہم مرکزی رہنما کا بھی کہنا ہے کہ مسلم لیگ(ن) آزاد کشمیر کے اس گلو بٹ کی حرکتوں سے جماعت کو بہت نقصان پہنچ رہا ہے،انہوں نے بھی اس بات کی حمایت کی کہ ایسے گلو بٹ کو اس کے حد میں رکھنا ضروری ہے۔ مسلم لیگ(ن) آزاد کشمیر کے اس گلو بٹ نے جماعتی کارکنوں کی تذلیل کو اپنا فرض سمجھا ہوا ہے۔مجھے حیرت جماعت کی قیادت پر ہوتی ہے کہ انہوں نے اس گلو بٹ کی جماعت کو نقصان پہنچانے والی حرکتوں پر اس طرح آنکھیں بند کر رکھی ہیں جیسے مسلم لیگ(ن) آزاد کشمیر اس گلو بٹ کے والد صاحب کی جماعت ہو۔مسلم لیگ(ن) کا یہ گلو بٹ جماعت میں مرکزی سطح پر انتشارپھیلا نے کے ساتھ اپنے ضلع میں بھی مسلم لیگیوں کو ذاتی مخالفت کی وجہ سے جماعت سے نکلوانے کی کوشش کر رہا ہے۔مسلم لیگ(ن) آزاد کشمیر کے ایک بانی بزرگ رہنما نے کہا ہے کہ یہ گلو بٹ سینئر کارکنوں کی بھی عزت نہیں کرتا۔نامعلوم اس گلو بٹ نے مسلم لیگ(ن) آزاد کشمیر کی قیادت کو کونسی گیڈر سنگھی سنگھائی ہے کہ وہ جماعت کو اس کی حرکتوں سے پہنچنے والے نقصان پر بھی چپ ہیں۔میں خود مسلم لیگ کا کا رکن ہوں ،میں نے خود کئی بار جماعت کے کئی سینئر رہنماؤں کو یہ کہتے سنا ہے کہ اس گلو بٹ کے ہوتے ہوئے مسلم لیگ(ن) آزاد کشمیر کو کسی دشمن کی ضرورت نہیں ہے،مسلم لیگ(ن) کو نقصان پہنچانے کے لئے اکیلا گلو بٹ ہی کافی ہے۔مسلم لیگ(ن) آزاد کشمیر کا یہ گلو بٹ سینئر کارکنوں کو دھکے دیتے ہوئے جماعت سے نکلوانے کی کوششوں میں مصروف نظرآ رہا ہے۔ مسلم لیگ(ن) آزاد کشمیرکی قیادت کو اس گلو بٹ کی ناجائز حرکتوں کا سخت نوٹس لینا چاہئے۔
قارئین،حیرت کی بات ہے کہ میں نے مسلم لیگ(ن) آزاد کشمیر کے اس گلو بٹ کا نام نہیں لیا لیکن ہر شخص پہچان گیا ہے کہ مسلم لیگ(ن) آزاد کشمیر کا گلو بٹ کون ہے۔کیا مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی قیادت کو اب بھی یقین نہیں آتا کہ ان کے ہونہار گلوبٹ کی مشہوریاں کتنی زیادہ ہیں کہ وہ نام لئے بغیر صرف گلو بٹ کہنے سے ہی پہچان لیا جاتا ہے۔پاکستان مسلم لیگ(ن) نے لاہور والے گلو بٹ کو جماعت سے آؤٹ کر کے قانون کے حوالے کر دیا ،اب دیکھنا یہ ہے کہ آزاد کشمیر مسلم لیگ(ن) کے گلو بٹ کو بھی اپنے لیول پہ لایا جاتا ہے یامسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر گلو بٹ کی کارستانیوں کے لئے استعمال ہوتی جائے گی۔