لاہور(یواین پی)میاں نوازشریف جمہوریت نہیں حکومت کادفاع کررہے ہیں ،وہ ہمیشہ اپنے غلط فیصلوں کے نتیجہ میں اقتدارسے محروم ہوئے۔آزاد ی مارچ سے زیادہ حکمرانوں کو اپنے نادان حواریوں سے خطرہ ہے ۔حکمران آمرانہ ہتھکنڈوں سے اپنا جعلی مینڈیٹ نہیں بچاسکتے ۔نااہل حکمران یقیناًجمہوری قوتوں کا احتجاج بلڈوزکرنے کی کوشش کریں گے ا ور اس کے نتیجہ میں تبدیلی کی تحریک کومزید تقویت ملے گی۔حکمران اپناقتداربچانے کیلئے فوج کااستعمال کررہے ہیں، خدانخواستہ اگر14اگست کواسلام آباد میں کوئی ناخوشگوارواقعہ رونماہوگیا تواس کی تلافی کون کرے گا ۔پرویزمشرف نے اپنے دورحکومت میں جمہوری قوتوں اورمیڈیا کی آزادی کوفروغ دیا،وہ آج بھی آزادی اظہار کے حامی ہیں۔ان خیالات کااظہار آل پاکستان مسلم لیگ برطانیہ کے مرکزی صدر چودھری محمدالطاف شاہدنے ایک پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔چودھری تبریز، اورھا چودھری ، چودھری پرویز، نایاب زیدی ،نعیم عباس ،سیّدشان عابدی ،سیّدعلی جعفری ،عمران طاہررضوی،اورسیّدسلمان اکبرنے بھی خطاب کیا ۔چودھری محمدالطاف شاہد نے مزید کہا کہ میاں نوازشریف میں وزارت عظمیٰ کے امورانجام دینے کی صلاحیت نہیں ہے ۔میاں نوازشریف خوش لباس اورخوش خوراک ضرور ہیں مگر وہ خوش اسلوبی سے قومی بحرانوں پرقابونہیں پاسکتے ۔انہوں نے کہا کہ میاں نوازشریف کامنتقم مزاج اورمتعصب رویہ انہیں ناپسندیدہ اورناقابل قبول بنانے کیلئے کافی ہے۔چودھری تبریز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمران کانچ کے گھر میں بیٹھ کرہم پرخشت باری کررہے ہیں۔اورھاچودھری نے کہا کہ ہماری زبانیں کھلیں توحکمرانوں کے منہ بندہوجائیں گے ۔پرویزنایاب زیدی نے کہا کہ میاں نوازشریف کوجعلی مینڈیٹ کازعم ان کے اقتدارکو ضرور لے ڈوبے گا۔