مذاکرات کے لئے عمران خان کے گھر بھی جانے کو تیارہوں ،محمد شہباز شریف

Published on August 7, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 297)      No Comments
3
اسلام آباد (یو این پی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ لانگ مارچ کا معاملہ مذاکرات سے حل کیا جاسکتا ہے ‘ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر مکمل انصاف ہوگا اور ذمہ داروں کو سزا ملے گی۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طاہر القادری نے جھوٹا قرآن اٹھایا ہے کہ انہوں نے شریف برادران سے کبھی کوئی مالی مراعات نہیں لیں اس لئے اب عوام جھوٹے قرآن اٹھانے والوں کے پیچھے نہیں کھڑی ہوگی۔ طاہر القادری نے عوام کو تشدد پر ابھارا ہے جس پر قانون حرکت میں آئے گا۔ طاہر القادری پر مقدمے کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ وہ مقدمہ ایک عام شہری کی درخواست پر دائر ہوا ہے‘ حکومت کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔ طاہر القادری چندے کے پیسوں سے اپنے لئے بلٹ پروف گاڑیاں خریدتے ہیں اور پھر انقلاب کی بات کرتے ہیں۔کسی عالم دین کو یہ زیب نہیں دیتا کہ وہ مدرسوں کے چندوں کے پیسوں پر سیاست کرے اور جمہوریت کو ڈی ریل کرے۔ ہمیں عوام نے شفاف مینڈیٹ دیا ہے اور ہم اٹھارہ کروڑ عوام کے ووٹوں سے منتخب ہوکر حکومت میں آئے ہیں۔ کسی کو بھی ملک میں انتشار یا انارکی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ویسے بھی طاہر القادری جنہیں ساتھ مل کر انقلاب لانے کی باتیں کرتے ہیں انہوں نے کروڑوں کے قرضے معاف کر رکھے ہیں اور حکومت انہیں گرفتار اس لئے نہیں کر رہی کہ اسے پھر سیاسی انتقام سمجھا جائے گا ۔ علامہ طاہر القادری کے تسمے باندھنے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ ہاں میں نے ایسا کیا لیکن یہ میرے والد صاحب کا مجھے حکم تھا کہ قادری صاحب دل کے مریض ہیں ان کے ساتھ امریکہ جاؤں اور صبح اٹھ کر ان کے جوتے بھی سیدھے کروں جسے میں نے والد صاحب کا حکم سمجھ کر کیا جس پر مجھے کوئی عار نہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ طاہر القادری انقلاب کی باتیں کرتے ہیں‘ ان سے پوچھا جائے کیا انہوں نے مجھ سے بھرتی کی سفارشیں نہیں کروائیں۔ چندہ لینے والوں پر منی لانڈرنگ ثابت ہو چکی ہے جس پر کارروائی ہوگی۔ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کے حوالے سے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کے لئے وہ عمران خان کے گھر بھی جانے کو تیار ہیں کیونکہ یہ ملک کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان یہ بتائیں کہ مارچ کیوں کر رہے ہیں؟ کیا ہم نے کوئی کرپشن کی ہے یا کہ وہ ترقی کے خلاف مارچ کرنے جارہے ہیں۔ ہم تو عوام کی خدمت کر رہے ہیں‘ ہم دونوں بھائیوں کے دل میں اقتدار کا کوئی لالچ نہیں۔ عمران خان کو چاہیے کہ وہ احتجاجی سیاست کی بجائے عوام کی خدمت کریں تاکہ وہ صوبہ بھی خوشحال ہو۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نہ تو سیاسی نظام کو کوئی خطرہ ہے اور نہ ہی مارشل لاء کا کوئی جواز ہے۔
Readers Comments (0)




WordPress Themes

Free WordPress Theme