روس (یو این پی) روس نے یوکرائن کے مسئلے پرمغربی طاقتوں کی طرف سے لگائی گئی پابندیوں کا جواب دینے کا فیصلہ کرلیا۔ روسی صدر ولادی میر پیوٹن کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ روس پر پابندیاں لگانے والے ممالک کی زرعی مصنوعات کی درآمدات پر ایک سال تک کیلئے پابندی لگا دی گئی ہے۔ یو این پی کے مطابق اِس اعلان کے بعد روسی صدر نےاپنی حکومت کو احکامات جاری کر دیے ہیں کہ اِن درآمدی مصنوعات کی فہرست تیار کی جائے جو آئندہ سال روس میں ممنوع قرار پائیں گی۔ ذرائع کے مطابق امریکہ اور یورپی یونین نے یوکرائن کے بحران کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے روس کے خلاف معاشی پابندیاں عائد کی ہوئی تھیں۔ دوسری جانب واشنگٹن سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ روس کی طرف سے جوابی پابندیوں سے وہ عالمی سطح پر مزید اکیلا ہو جائے گا۔ امریکی صدر کی قومی سلامتی کونسل کی ترجمان لورا لوکس کا کہنا ہے کہ یوکرائن تنازعے پر روس پر عائد کی جانے والی امریکی پابندیوں سے روس کی پہلے سے کمزور اقتصادیات اب مزید کمزور ہو گئی ہے اور اگر وہ جوابی طور پر زرعی اجناس کی درآمدات پر پابندی عائد کرتا ہے تو وہاں افراط زر کی شرح میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔