اسلام آباد(یو این پی) مسلم لیگ (ق) کے سیکرٹری جنرل سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ مسلمان ممالک فلسطین کے معاملے پر شاہ فیصل کی طرح واضح موقف اختیار کریں۔ جمعہ کو ایوان بالا میں غزہ اسرائیلی جارحیت کی مذمت اور فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کی قرارداد پر اظہار خیال کرتے ہوئے مشاہد حسین سید نے کہا کہ پاکستان کے فلسطینیوں کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں، وزیراعظم نواز شریف، ترکی کے وزیراعظم، ملائیشیا کے وزیراعظم اور ایران کے صدر کو نیویارک میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کر کے اس معاملے پر اپنی تشویش کا واضح اظہار کرنا چاہیے اور اگر یہ جارحیت بند نہیں ہوتی تو پھر متحد ہو کر عالمی برادری کا بائیکاٹ کرنا چاہیے اور شاہ فیصل کی طرح واضح موقف اپنا نا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے اس کو کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی کے معاملے پر خاموش تماشائی کا کردار ختم کر دینا چاہے۔