اے این پی ملک میں جمہوری اور آئینی نظام کی حمایت جاری رکھے گی۔ افراسیاب خٹک

Published on August 10, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 308)      No Comments

1اسلام آباد ۔۔۔ اے این پی کے مرکزی رہنما افراسیاب خٹک نے کہا ہے کہ ان کی جماعت ملک میں جمہوری اور آئینی نظام کی حمایت جاری رکھے گی۔ اے این پی حکومت اور مخالفین کے درمیان جاری کشمکش پرامن مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی حامی ہے۔ ہفتہ کو وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے طلب کردہ قومی سلامتی کانفرنس میں شرکت کے بعد یہاں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے افراسیاب خٹک نے کہا کہ ہم نے قومی سلامتی کانفرنس میں حکومت کو مخالفین کے ساتھ محاذ آرائی سے دور رہنے اور تمام مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی تجاویز پیش کیں۔ کانفرنس میں اپنی جماعت کے نقطہ نظر بیان کرتے ہوئے افراسیاب خٹک نے کہا کہ فاٹا اور خیبرپتخوانخوا میں امن اور ہم آہنگی قائم کرنے کیلئے اے این پی کے سینکڑوں کارکنوں نے قربانی دی ہے۔ قبائلی علاقے طویل عرصے تک دہشت گردوں کے نرغے میں رہے جس کے نتیجے میں لاکھوں افراد بے گھر ہوگئے اور ان کے گھر اور جائیدادیں تباہ ہوگئیں۔ انہوں نے کہا کہ اب فاٹا کے لوگوں کو سیاسی حقوق دینے اور ان کی جامع آباد کاری کیلئے کوششیں تیز کرنے کا وقت آگیا ہے۔افراسیاب خٹک نے مرکز اور کے پی کے کی صوبائی حکومت کے درمیان تعاون کی کمی پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرکز اور صوبائی حکومت کے درمیان عدم تعاون کی وجہ سے شمالی وزیرستان کے بے گھر ہونے والے افراد کی پریشانیوں میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ اے این پی کے رہنما نے سرحد کے دونوں اطراف بے چینی ختم کرنے کیلئے پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں پڑوسی اور برادر ملکوں کے تعاون کے بغیر خطے میں دہشت گردی پر قابو نہیں پایا جاسکتا۔ اس کے علاوہ ہمیں افغانستان کے ساتھ جیو سٹریٹجک کے بجائے جیو اکانومک تعلقات پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔اس طرح وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات قائم کئے جاسکتے ہیں۔

Readers Comments (0)




Weboy

WordPress Blog