گال۔۔۔ سری لنکا نے گال ٹیسٹ کے چوتھے روز کمار سنگاکارا کی شاندار ڈبل سنچری کی بدولت 82 رنز کی برتری حاصل کرکے اپنی پہلی اننگز 533 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کر دی۔ سنگاکارا نے 221 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، یہ ان کے کیریئر کی دسویں ڈبل سنچری ہے۔ اینجلو میتھیوز 91 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ سعید اجمل نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان نے کھیل کے اختتام تک ایک وکٹ کے نقصان پر 4 رنز بنا لئے۔ ہفتہ کو گال انٹرنیشنل سٹیڈیم میں ٹیسٹ کے چوتھے روز سری لنکا نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 252 رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو کمار سنگاکارا 102 اور مہیلا جائے وردنے 55 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے، جائے وردنے گزشتہ روز کے سکور میں محض 4 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد جنید خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ اس موقع پر سنگاکارا اور کپتان اینجلو میتھیوز نے محتاط انداز اپنایا اور 181 رنز کی شاندار شراکت قائم کرکے ٹیم کا سکور 438 تک پہنچا دیا، میتھیوز بدقسمت رہے اور 9 رنز کے فرق سے کیریئر کی پانچویں سنچری بنانے میں ناکام رہے، انہیں سعید اجمل نے آؤٹ کیا۔ میتھیوز کے آؤٹ ہونے کے بعد سعید اجمل نے بعد میں آنے والے سری لنکن بلے بازوں کو زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہرنے دیا، کتھروان وتھنگے، نروشن ڈکویلا اور دلروان پریرا بالترتیب پانچ پانچ رنز بنانے کے بعد سعید اجمل کا شکار بن گئے۔ اسی دوران کمار سنگاکارا نے اپنے کیریئر کی دسویں ڈبل سنچری سکور کی۔ وہ 221 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد عبدالرحمان کی گیند پر سٹمپ آؤٹ ہوئے۔ رنگنا ہیراتھ نویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 31 رنز بناکر سعید اجمل کا نشانہ بنے۔ اس طرح سری لنکا نے پہلی اننگز میں 82 رنز کی سبقت حاصل کرنے کے بعد 533 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کر دی۔ سعید اجمل نے 5 وکٹیں حاصل کیں، جنید خان نے دو جبکہ عبدالرحمان اور محمد طلحٰہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان نے کھیل کے اختتام تک ایک وکٹ کے نقصان پر 4 رنز بنا لئے۔ احمد شہزاد ایک اور نائٹ واچ مین سعید اجمل صفر پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ آؤٹ ہونے والے کھلاڑی خرم منظور تھے جو 3 رنز بنانے کے بعد ہیراتھ کا نشانہ بنے۔