کراچی(یو این پی) کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے جمہوریت کی خاطر بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ ملک میں جمہوریت کو ری ڈیل نہیں ہونے دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی انقلاب کے نام پر افراتفری پھیلانے والوں کا ساتھ نہیں دے گی۔ انقلاب لانے کا طریقہ کچھ اور ہوتا ہے۔ انقلاب اس طرح نہیں آتے جیسے طاہر القادری کوشش کر رہے ہیں۔ چودہ اگست کو عوامی تحریک کے ایجنڈے کا پتہ چل جائے گا۔ مشرف سے متعلق پوچھے گئے سوال پر آغا سراج درانی نے کہا کہ ان کا معاملہ عدالت میں ہے اور انہیں ملک سے باہر بھیجنے یا نہ بھیجنے کا فیصلہ بھی عدالت نے ہی کرنا ہے۔ ملکی مفاد میں ہر فیصلہ قابل قبول ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ کراچی میں رینجرز اور پولیس کی کارراوئیوں سے حالات بہتری کی طرف جا رہے ہیں تاہم ابھی جرائم کے خاتمے میں مزید وقت لگے گا۔