نواز شریف کا الیکشن 2013ء کے سلسلہ میں سپریم کورٹ کا کمیشن بنانے کا اعلان و فیصلہ نہایت احسن اقدام ہے اعجاز الحق

Published on August 13, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 372)      No Comments

Ijaz
ہارون آباد(یواین پی)مسلم لیگ (ضیاء) کے سربراہ محمد اعجاز الحق ایم این اے نے کہا ہے کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف کا الیکشن 2013ء کے سلسلہ میں سپریم کورٹ کا کمیشن بنانے کا اعلان و فیصلہ نہایت احسن اقدام ہے۔ وزیر اعظم نے قوم سے خطاب میں موجودہ سیاسی بحران کے حل کے سلسلہ میں نہایت مثبت اور خوش آئند اقدامات کرکے اس ایشو کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کا راستہ دکھادیا ہے۔ جمہوری اقدار پر عمل کرنے کی خواہش رکھنے والی جماعتوں کے قائدین نے اس فیصلے کو تائید و حمایت دی ہے ۔اب بھی اگر کوئی سیاسی رہنما غورو فکر کی بجائے غیر منطقی مطالبات پیش کرتا ہے تو قوم کی نظر میں اسے احترام نہیں مل سکے گا۔ا نہوں نے ان خیالات کا اظہار اپنے حلقہ انتخابات این اے 191ہارون آباد کے صحافیوں سے ٹیلی فونک گفتگو میں کیا۔ اعجاز الحق نے کہا کہ عمران خان کے تمام آئینی مطالبات حکومت اور وزیر اعظم نے تسلیم کرکے بڑے پن کا ثبوت دیا ہے عمران خان چارحلقوں کے نتائج کھولنا چاہتے تھے اور حکومت نے دس حلقوں کی آفر کردی ہے الیکشن ریفارمز کیلئے 33ممبران پارلیمنٹ کی کمیٹی قائم کرکے اس کو ٹاسک دے دیا گیا ہے جس میں تحریک انصاف سمیت تمام پارلیمانی جماعتوں کے نمائندے شامل ہیں۔ اس وقت دس لاکھ آئی ڈی پیز ہمارا اہم مسئلہ ہے اس پر توجہ دینے کیلئے حکومتی و قومی یکسوئی ہونی چاہئے ۔ مذاکرات کے ذریعے جمہوریت میں مسائل کا حل ممکن ہے اورمذاکرات کی میز پربیٹھنے سے انکار اور سڑکوں پر آنے کا اصرار سمجھ سے بالاتر ہے۔وقت گزرنے کی باتیں غیر سیاسی اور ناقابل فہم ہیں ۔سیاسی مسائل میں کبھی بھی وقت نہیں گزرتا ہے بلکہ آخری لمحے تک مذاکرات کے دروازے کھلے رکھنا ہی سیاسی دانشمندی اور جمہوری طرز عمل ہے۔ وزیرا عظم اور حکومت نے کھلے دل سے معاملات کے حل کیلئے راستہ دکھا دیا ہے اور اب بال عمران خان کے کورٹ میں ہے اور انہیں بھی مثبت انداز فکر اور سیاسی پختگی کا مظاہرہ کرکے ملک و قوم کو اس سیاسی ہیجان سے باہر نکالنے کیلئے قدم اٹھانا ہوگا ۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Weboy