اسلام آباد ۔۔۔وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سیاسی مسائل کو سیاسی طریقہ سے ہی حل کیا جائے گا، مذاکرات ہی تمام مسائل کا حل ہوتے ہیں۔ جمعرات کو نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم ووٹ آؤٹ کیلئے آرڈیننس لا سکتے ہیں لیکن اس کیلئے اگر 5 حلقے ہمارے ہوں گے تو 5 ان کے بھی ہوں گے۔ عمران خان کے وزیراعظم کے استعفی کے مطالبہ پر وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم عمران خان کے اس مطالبہ کو غیر آئینی سمجھتے ہیں، انتخابات میں 4 کروڑ 62 لاکھ افراد نے ووٹ کاسٹ کئے اور صرف 70 لاکھ ووٹ حاصل کرنے والے عوام کا مینڈیٹ نہیں چھین سکتے۔ خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ عمران خان سے زیادہ ہم دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی چاہتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی یہ پالیسی ہے کہ معاملات کو آگے بڑھانے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کی جائے اور کوئی بھی فیصلہ اکیلے نہ کیا جائے۔