راولپنڈی ۔۔۔ منچلے سائلنسر نکلے موٹر سائیکلوں پر یوم آزادی مناتے رہے ۔یوم آزادی کے موقع پر منچلے جوانوں کی بڑی تعداد نے صدر ،بنک روڈ ،ٹاہلی موہری ،ٹنچ بھاٹہ سمیت شہر بھر میں بغیر سائلنسر موٹر سائیکل چلاتے ہوئے شہریوں کی ناک میں دم کیے رکھا ۔صدر بنک روڈ پر رات گئے یہ منچلے نوجوان ون ویلنگ کرتے رہے اور گاڑیوں کی اسکٹنگ کا سلسلہ بھی جاری رہا ۔ان نوجوانوں نے موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں پر قومی پرچم لگا رکھے تھے جبکہ گاڑیوں میں اونچی آواز میں ملی نغمے بھی لگا رکھے تھے ۔اس موقع پر شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک جام کی صورتحال بھی نظر آئی تاہم کہیں بھی ٹریفک پولیس کے وارڈنز نظر نہ آئے ۔شہریوں کا کہنا تھا کہ زندہ قومیں اپنا جشن آزادی شایان شان طریقے سے مناتی ہیں تاہم نوجوان نسل صرف موٹر سائیکلوں سے سلنسر نکالنے اور ون ویلنگ تک محدود ہے ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوان نسل کو آزادی کے لیے دی جانے والی قربانیو ں سے آگاہ کیاجائے اور انہیں اپنے اجداد کے کارناموں سے بھی آگاہی دی جائے ۔