کھٹمنڈو (یو این پی) نیپال میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اوران بارشوں کے نتیجے میں 84افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 156لاپتہ ہیں۔ حکام نے اتوار کو بتایا کہ ملک بھر میں جاری بارشوں اور لینڈ سلائیڈینگ میں 84افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور 156لاپتہ ہیں ۔ سنہوا کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز 33افراد کی لاشیں مل چکی ہیں۔ ملک کے مغربی علاقے کے 10اضلاع میں بارشوں نے شدید تباہی پھیلائی ہے اور ان اضلاع میں لینڈ سلائیڈینگ اور سیلاب سے ہونیوالے جانی اور مالی نقصان کی صحیح اطلاعات ابھی موصول نہیں ہوئیں۔ برینڈرانگر کے ایک مقامی سیاستدان سنجے پراجولی نے کہا کہ لوگوں کے مکان پانی میں ڈوب گئے ہیں جگہ جگہ مردہ جانوروں کے ڈھانچے بکھرے پڑے ہیں۔ عمارتیں ملبہ کا ڈھیر بن چکی ہیں اور کھیتوں میں کھڑی فصلیں تباہ ہو چکی ہیں۔ وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں سڑکیں سیلابی ریلے میں بہہ جانے کے باعث حکومت کیلئے امدادی اشیاء اور امدادی ٹیمیں بھیجنے میں مشکلات درپیش ہیں۔