لاہور ۔۔۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے نو منتخب چیئرمین شہر یار خا ن نے کہا ہے کہ پاکستان کی سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچز میں شکست سے بہت مایوسی ہوئی ہے لیکن ہار جیت کھیل کا حصہ ہے ،شکست کی وجہ سے کپتان یا ٹیم مینجمنٹ میں تبدیلی نہیں کی جائے گی ۔اپنے انتخاب کے بعد نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہر یار خان نے کہاکہ کسی بھی کھلاڑی یا عہدیدار کے لئے جاب سیکورٹی ضروری ہے اور مصبا ح الحق کو کپتانی سے نہیں ہٹایا جائے گا اور وہ 2015تک کپتان رہے گا ۔انہوں نے کہا کہ میں آج منگل کے رو ز قومی ٹیم کے کپتان اور دیگر عہدیداران کو فون کروں گا اور انہیں اس بات کا یقین دلاؤں گا کہ انہیں تبدیل نہیں کیاجائے گا اور وہ سری لنکا کے خلاف ون ڈے میچز میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں ،ہم آپ کے ساتھ ہیں ۔شہر یار خان نے کہاکہ سری لنکا کی ٹیم سے ان کی ہوم گراؤنڈ میں شکست سے کوئی پہاڑ نہیں ٹوٹ پڑا ۔اس پر ہمیں کوئی شرمندگی نہیں۔سری لنکا نے ایشیا کپ میں کامیابی حاصل کی ،انگلینڈ کی ٹیم جس نے بھارت کو شکست دی ۔انہوں نے کہاکہ اگر کوئی تبدیلی ضروری ہوئی تو سوچ سمجھ کر کریں گے ۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ قومی ٹیم کا کوچنگ سٹاف زیادہ ہے ۔باؤلنگ کوچ ،بیٹنگ کوچ ،فیلڈنگ کوچ ،اسپن باؤلنگ کوچ ہے تو پھر چیف کوچ کا کیا فائدہ ۔ہم جائزہ لیں گے کہ کوچنگ سٹاف کے ہر رکن کا ٹیم کی پرفارمنس میں کیا کردار ہے ۔میرے خیال سے کوچنگ کی ضرورت 13یا 15سال کے کھلاڑیوں کو ہوتی ہے اور ٹیسٹ میچ کھیلنے والے کھلاڑیوں کی کوچنگ کی زیادہ ضرورت نہیں ہوتی ۔شہر یار خان نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ پاکستان سپر لیگ کو شروع کرنے سے پہلے اس پر بھرپور غور کیا جائے گا اور اسکی کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے کام کیا جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ ملک میں فوری طور پر انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی نظر نہیں آرہی ۔ملک میں انٹرنیشنل ٹیموں کا نہ آنے کا تعلق کرکٹ کے معاملات سے نہیں ہے بلکہ اس کا تعلق سیکورٹی سے ہے اور پاکستان میں سیکورٹی کے بہتر نہ ہونے کی وجہ سے غیر ملکی ٹیمیں نہیں آرہی ہیں ۔میر ی کوشش ہوگی کہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی ہو ۔ شروع میں سینئر ٹیمیں نہ آئیں تو انڈر 19یا جونیئر ٹیموں کو مدعو کیا جائے ،زمبابوے ،بنگلہ دیش اور پھر بھارت کی ٹیم کو مدعو کیا جائے ۔ بھارت کے ساتھ سیریز دوبئی میں ہوگی اور ہم بھی بھارت جائیں گے