ٹیکسلا(یو این پی /ڈاکٹر سید صابر علی)پی او ایف انتظامیہ نے آئی ڈی پیز کی امداد کے لیے 5.809ملین کا 39ٹن وزنی امدادی سامان 4ٹرکوں میں روانہ کیا جو کہ 2850پیکٹوں پر مشتمل تھا جبکہ ہر پیکٹ میں 3کلو گرام چاول، دو کلو گرام چینی، اڑھائی کلو گرام گھی، 500گرام لپٹن چائے، 400گرام ملک پاؤڈر، انرجائل400گرام، نیسلے پانی 1 1/2لٹر اور اس کے علاوہ متفرق گھریلو اشیاء شامل تھیں۔لیفٹیننٹ جنرل محمد احسن محمود، ہلال امتیاز (ملٹری) چیئرمین پی او ایف بورڈکی خصوصی ہدایت پر واہ کینٹ کے مختلف علاقوں میں امدادی کیمپ لگائے گئے اور واہ کینٹ کے باسیوں نے آئی ڈی پیز کی امداد کے لیے بھر پور مالی امداد کی۔ اس کے علاوہ آرڈننس کلب کی انتظامیہ نے بھی اس فنڈ میں خطیر رقم جمع کرائی۔ ڈائریکٹر سیکورٹی بریگیڈیئر کامران وحید اور ڈائریکٹر ایڈمن جاوید اقبال کی نگرانی میں ان اشیاء کی پیکنگ کی گئی اور ان اشیاء کو آئی ڈی پیز تک پہنچانے کے لیے 4ٹرکوں میں سامان لوڈ کر کے بھجوایا گیا۔