اسلام آباد (یو این پی) سابق صدر آصف علی زرداری نے توقع ظاہر کی ہے کہ سیاستدان لانگ مارچ کے بعد پیدا ہونیوالی صورتحال کو خوش اسلوبی سے حل کرلیں گے ملک کی قومی دانش صورتحال سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے، سٹریٹ پاور سے جمہوری حکومت کو چیلنج نہیں کیا جانا چاہیئے۔ہفتہ کو یہاں اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسائل کے حل کا واحد راستہ جمہوریت اور مذاکرات میں ہے جس سے پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے تحفظات اور تشویش دور کرنے میں بھی مدد ملے گی۔آصف علی زرداری نے کہا کہ ملک کے مفاد میں بحران کو آئینی طور پر حل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کے ساتھ ملاقات کے دوران انہوں نے تمام متعلقہ فریقین کے ساتھ مذاکرات جاری رکھے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی سیاسی صورتحال کو صبر اور برداشت کے ساتھ بہتر طور پر حل کیا جاسکتا ہے۔آصف علی زرداری نے کہا کہ قوم طالبان کے خلاف لڑنے والی فورسز کا ساتھ دے طالبان نے بم دھماکوں میں بڑی تعداد میں لوگوں کو شہید کیا اور وہ لڑکیوں کو بھی سکول بھیجنے کی اجازت نہیں دیتے۔سابق صدر نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے اور تمام جمہوری اور پارلیمانی قوتوں کو جمہوریت کے تحفظ کیلئے مل بیٹھنا چاہیئے۔ سٹریٹ پاور سے جمہوری حکومت کو چیلنج نہیں کیا جانا چاہیئے۔آصف علی زرداری نے کہا کہ انہوں نے کسی مطالبہ کے بغیر پارلیمنٹ کو اختیارات منتقل کئے کیونکہ جمہوری نظام کی حفاظت کیلئے پی پی پی کی قربانیوں کی ایک تاریخ ہے۔انہوں نے پی ٹی آئی اور پی اے ٹی پر زور دیا کہ وہ مذاکراتی راہ اختیار کرے کیونکہ جمہوری نظام ڈی ریل نہیں ہونا چاہیئے