اسلام آباد ۔۔۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ ملک کے مسائل کا حل جمہوریت کے سوا کسی اور نظام میں نہیں، تمام پارلیمانی سیاسی جماعتوں نے متحد ہوکر جمہوریت کے تحفظ کا عزم کیا ہے، وزیراعظم نواز شریف کے استعفیٰ کے حق میں نہیں ہیں۔ انہوں نے منگل کو صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کے استعفوں کے بارے فیصلہ سپیکر قومی اسمبلی کو کرنا ہے۔ایک سوال کے جواب میں خورشید شاہ نے کہا کہ میں نے تحریک انصاف کے بھجوائے گئے استعفوں کی تعداد یا افراد کے بارے سپیکر سے استسفار نہیں کیا کیونکہ آئین اس بات کی اجازت نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جب بھی جمہوریت کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں مشکلات اور مسائل گھمبیر ہوتے گئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک کو درپیش تمام مسائل کا حل جمہوریت کے سوا کسی دوسرے نظام میں نہیں ۔ تمام جماعتوں میں یہ سوچ مضبوط ہوئی ہے کہ ہر صورت جمہوریت کا دفاع کیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دھرنوں کے دباؤ میں وزیراعظم کے عہدے سے نواز شریف کے استعفی کی حمایت نہیں کریں گے۔