لندن… ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو حکومت کو تنبیہہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اسلام آباد میں طاقت کے استعمال کے نتیجے میں کوئی نقصان ہوا تو پھر ایم کیوایم بھی اس ظلم کے خلاف میدان میں آجائے گی جس کے بعد کراچی سے خیبر تک عوام سڑکوں پر ہوں گے۔لندن سے جاری بیان میں الطاف حسین کا کہنا تھا کہ عوامی تحریک اورتحریک انصاف کے مظاہرین کے خلاف طاقت کااستعمال نہ کیاجائے کیونکہ مظاہرین میں نوجوان اوربزرگ ہی نہیں بلکہ خواتین اورمعصوم بچے بچیاں بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب فوری طور پر عمران خان اور طاہرالقادری کے ساتھ بیٹھ کر بات چیت کریں اور ان کے جائزمطالبات کوفی الفورتسلیم کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم بھرپور کوشش کریں کہ مسئلہ پر امن طریقے سے حل ہوجائے، صورتحال کا تقاضہ ہے کہ طاقت کا استعمال کرنے سے بہتر ہے کہ وزیراعظم نوازشریف جمہوریت اور امن استحکام کی خاطر آئینی طریقہ استعمال کرتے ہوئے رضا کارانہ طور پر اپنا منصب چھوڑیں اور اوراسمبلی کا ہنگامی اجلاس بلا کران ہاؤس تبدیلی لے آئیں اوراپنی جماعت میں سے کسی کوبھی وزیراعظم بنادیں تاکہ جمہوریت چلتی رہے۔