اسلام آباد ۔۔۔ وفاقی دارالحکومت میں واقع قائداعظم یونیورسٹی میں نامعلوم مسلح شخص نے دن دیہاڑے ایم ایس سی کی فائنل ایئر کی طالبہ کو لیپ ٹاپ سے محروم کر دیا، بارش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نامعلوم شخص موقع سے فرار ہو گیا۔ قائداعظم یونیورسٹی کی فزکس ڈیپارٹمنٹ کی فائنل ایئر کی طالبہ ضروری دستاویزات کی فوٹوکاپی کی غرض سے باہر جا رہی تھی کہ یونیورسٹی کے احاطہ میں دیہی علاقہ کی جھاڑیوں سے پسٹل تانے شخص برآمد ہوا اور اکیلی طالبہ (س) سے لیپ ٹاپ چھین لیا اور موبائل فون بھی چھیننے کی کوشش کر رہا تھا کہ دور کسی شخص کو دیکھ کر موقع سے فرار ہو گیا۔ طالبہ کے والدین نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ بارش کے باعث لوگوں کی آمد و رفت کم تھی اور اس علاقہ میں پہلے بھی ایسی وارداتیں ہو چکی ہیں لیکن دن دیہاڑے لوٹنے کا یہ پہلا واقعہ ہے۔