جھنگ(یواین پی)صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور طاہر خلیل سندھونے ضلعی حکومت کے حکام کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ضلع جھنگ کی حدود میں سیلابی ریلے کے پہنچنے سے قبل ہی متوقع متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں کو محفوظ مقامات اور ریلیف کیمپو ں میں پہنچاکر انہیں ہر ممکن حد تک سہولیات فراہم کی جائیں۔ اس ناگہانی سیلابی صورتحال سے نمبٹنے کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اپنی ٹیم کے ساتھ چوبیس گھنٹے فیلڈ میں کام کر رہے ہیں تاکہ عوام کو سنگین سیلابی صورتحال کے پیش نظر کم سے کم تکلیف کا سامنا کرنا پڑے۔وہ گزشتہ روز ڈی سی او آفس جھنگ میں سیلابی صورتحال کے حوالہ سے منعقدہ ایک ہنگامی میٹنگ سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پرصوبائی سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ وسیم اجمل،ڈی سی او راجہ خرم شہزاد عمر،اے ڈی سی ہارون رشید،ڈی پی او ذیشان اصغر، پاک فوج کے جھنگ میں تعینات افسران ،ایم پی ایز میاں محمد اعظم چیلہ،خرم خان سیال،مہر خالد سرگانہ،اسسٹنٹ کمشنرز،ٹی ایم اوز،سیکرٹری ٹرانسپورٹ اتھارٹی طاہر ملک اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ڈی سی او راجہ خرم شہزاد نے اس موقع پر بتایا کہ دریائے چناب اور جہلم میں سیلابی ریلے کی آمد کے حوالہ سے ملحقہ تمام دیہاتوں اور آبادیوں میں فلڈ وارننگ جاری کرکے لوگوں کو محفوظ مقامات اور ضلعی حکومت کی طرف سے کوٹ خیرا ،کوٹ عمرانہ ،چیلہ،اچ گل امام ،کوٹ شاکر ،کلیار والا،دالوآنہ غربی، تھل چیک پوسٹ، بنگلہ یاسمین اور گورنمنٹ سکول کی بلڈنگ میں قائم کئے گئے ریلیف کیمپوں میں منتقل کیا جا رہا ہے انہوں نے بتایا کہ سیلابی علاقوں میں قائم کیے گئے 18ریلیف کیمپوں میں خشک خوراک اور ادویات وافر مقدار میں پہنچائی جا چکی ہیں ۔ ڈی سی اونے مزید بتایا کہ ریسکیو1122 ،ضلعی پولیس، ریونیو انتظامیہ کا عملہ کشتیوں اور موٹر بوٹس کے ساتھ سیلابی علاقوں میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے موجود ہے اور ضرورت کے وقت عوام کی نقل و حرکت کیلئے ٹرانسپورٹ کا بھی انتظام مکمل کیا جاچکا ہے۔ ڈی سی او نے مزید بتایا کہ ان کے دفتر میں مرکزی جبکہ تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنروں کے دفاتر میں ایمر جنسی فلڈ کنٹرول روم قائم کئے جا چکے ہیں جن کے ذریعے تمام متعلقہ محکموں کے مابین باہمی رابطہ قائم کر دیاگیاہے۔اس موقع پر صوبائی سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ نے ڈی سی او اور ڈی پی او کے ساتھ ضلع کے حفاظتی بندوں اور انتہائی ہنگامی حالت میں اضافی سیلابی پا نی کو گزارنے کے حوالہ سے نقشہ جات کے ذریعے معلومات کا تبادلہ کیا۔صوبائی وزیر ،صوبائی سیکرٹری اور ممبران اسمبلی کی طرف سے ضلعی انتظامیہ کے مکمل کئے گئے انتظامات اور اقدامات کو تسلی بخش قرار دیا اور عوام الناس کی آگہی کیلئے بھرپور تشہیری مہم چلانے کی ضرورت پر زور دیا۔بعد ازاں صوبائی وزیر اور صوبائی سیکرٹری متعلقہ حکام کے ہمراہ ہیڈ تریموں ورکس پہنچے جہاں انہیں محکمہ انہار کے ایکسین نے دونوں دریاؤں میں پانی کے اتار چڑھاؤ اور ہیڈ تریموں پر پانی کے اخراج کی سطح بارے مکمل بریفنگ دی ۔ اس موقع پر صوبائی حکومت کے حکام نے محکمہ انہار کے افسران کوہدایات دیں کہ وہ 24گھنٹے ضلعی انتظامیہ سے رابطہ میں رہیں ۔