واشنگٹن ۔۔۔امریکی صدر بارک اوباما نے کہا ہے عراق میں دولت اسلامیہ کے خلاف بھرپور کارروائی کا فیصلہ ہو گیا ہے، اس حوالے سے بدھ کو اپنی تقریر میں حکمت عملی کا اعلان کروں گا۔ اتوار کو اپنے ایک انٹرویو میں صدر اوباما نے کہا کہ نیٹو ممالک کا ایک اتحاد امریکہ کے ساتھ مل کر عراق میں دولت اسلامیہ کے خلاف عسکری کارروائی کرنے کے لئے تیار ہے، کارروائی میں نیٹو اتحاد میں شامل تمام ممالک حصہ لیں گے۔ دولت اسلامیہ سے پیدا ہونے والے خطرے کو نمٹنے کے لئے ایک مرکزی اتحاد بنا لیا گیا ہے، اس اتحاد میں امریکہ، برطانیہ، آسٹریلیا، کینیڈا، ڈنمارک، فرانس، جرمنی، پولینڈ اور ترکی شامل ہیں۔ امریکی صدر نے کہا کہ صرف دولت اسلامیہ کے خلاف کارروائی کی جائے گی، جنگی مقاصد کے لئے عراق کے دیگر علاقوں میں نہیں جائیں گے۔