سیالکوٹ۔۔۔ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ سیالکوٹ سمیت سیلاب سے متاثرہ تمام اضلاع کو وفاقی اور صوبائی حکومت فوری طور پر فنڈز ریلیز کررہی ہے۔متاثرین کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا،تمام اضلاع کی انتظامیہ کو فوری طورپرنقصانات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم جاری کر دیا گیاہے،سیلاب کی وجہ سے جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کے لواحقین کو بلا تفریق مالی امداد دی جائے گی۔جبکہ کسانوں کے ہونے والے نقصانات کا بھی ازالہ کیا جائے گا،متاثرہ اضلاع میں شاہرات اور رابطہ سڑکوں کوبھی جلد از جلد تعمیر کیا جائے گا ،تمام دریاؤں کے پشتوں کا از سرنوجائزہ لے کر انہیں مضبوط بنایا جائے گا۔یہ بات وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے سیالکوٹ ائیر پورٹ پر جلال پور بھٹیاں روانگی سے قبل استقبال کے لئے آئے ہوئے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی اور مسلم لیگی قیادت سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ مسلم لیگ ن کا قلعہ ہے اور یہاں کے باسی میرے بہن بھائیوں کی طرح ہیں ،میں انکے ہر دکھ میں برابرکا شریک ہوں ،یہ ممکن نہیں کہ مصیبت کی اس گھڑی میں انکے دکھوں کا مداوا نہ کروں،وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب میں سب سے زیادہ متاثر سیالکوٹ اور اسکی تینوں تحصیلیں ہوئی ہیں ،یہاں پر ہلاکتوں کی تعداد بھی سب سے زیادہ ہے، جس کی بنا پر سیالکوٹ کو تعمیراتی فنڈز کی فراہمی میں بھی ترجیح دی جائے گی اور سیالکوٹ شہر اور دیہاتوں کو ایک مرتبہ پھر ری سٹرکیچر کیا جائے گا ۔