لاہور (یو این پی )تحر یک انصاف کے کارکنوں کی حالیہ گرفتاریوں کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا ، صوبائی وزیر قانون ، آئی جی اور ڈی آئی جی لاہور کے خلاف توہین عدالت کی درخواست بھی دائر کر دی گئی،پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کیخلاف پنجاب بھر میں کریک ڈاون کے اقدام کو توہین عدالت کی درخواست کے ذریعے چیلنج کردیا گیا ہے۔ تحریک انصاف کے زبیر نیازی کی جانب سے دائر درخواست میں رانا مشہود آئی جی مشتاق سکھیرا اور ڈی آئی جی ڈاکٹر حیدر اشرف کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ جسٹس منصور بھٹی کی سر براہی میں لاہور ہائیکورٹ کا فل بنچ کنٹینر کیس کے فیصلے میں حکم دے چکا ہے کہ صوبے بھر میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کو غیر قانونی طور پر گرفتار کیا جائے نہ ان کے گھروں پر چھاپوں کی صورت میں ہراساں کیا جا ئے لیکن صوبائی وزیر کی ہدایت پر ان کے کارکنوں کو گرفتار کیا جارہا ہے۔